وائلڈلائف کومبنگ آپریشن میں اسمگل کئے جانیوالے را طوطوںکی بڑی کھیپ پکڑ ی گئی

جمعرات 2 مئی 2024 19:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیر نگرانی صوبہ میں وائلڈلائف کومبنگ آپریشن بدستور جاری ہے،جس کے نتیجے میں وائلڈلائف سٹاف رحیم یار خان نے ریلوے سٹیشن رحیم یار خان سے پاکستان بزنس ایکسپریس( ٹر ین) کے ذریعے کراچی اسمگل کئے جانیوالے را طوطوں کی ایک بڑی کھیپ پکڑ لی جبکہ نارووال بارڈر بیلٹ ایریا میں پاڑہ ہرن کے شکار میں ملوث اور کتوں کیساتھ جنگلی سورکا شکار کرنیوالے 09 شکاریوں کو پونے تین لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔

تفصیل کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف بہاولپور ریجن سید علی عثمان بخاری نے ایک خفیہ اطلاع موصول ہونے پرفوری طور پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف رحیم یار خان محمد سلطان انجم کو انکی ٹیم کے ہمراہ ریلوے سٹیشن رحیم یار خان روانہ کیا جنہوں نے تلاشی کے دوران لاہور سے کراچی جانیوالی پاکستان بزنس ایکپریس( ٹرین )کے ذریعے اسمگل کئے جانے والے را طوطوں کی ایک بڑی کھیپ پکڑ لی،جس میں 28 بالغ را طوطے اور 32 چکس تھے،بہاولپور ریلوے سٹیشن سے ٹرین پر لوڈ کئے جانے والے یہ را طوطے بند پنجروں میں رکھے گئے تھے البتہ ان کی پیکنگ بے نامی ہونے کی بنا پر ملزم کی تلاش جاری ہے، جبکہ پکڑے گئے تمام طوطوں کو عدالتی حکم پر بہاولپور چڑیا گھر منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح دو مختلف کامیاب کاروائیوں کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع نارووال ارشد ناز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کرتار پور (بارڈر بیلٹ ایریا) کے علاقہ میں کتوں کیساتھ جنگلی سور کا شکار کرنیوالے سات افراد کو گرفتار کرکے مبلغ ستر ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا جبکہ گزشتہ دنوں ظفر وال (بارڈر بیلٹ ایریا)سے پاڑہ ہرن کے شکار میں ملوث دو ملزمان کو مبلغ دو لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا گیا۔