مختلف فرقوں کے مذہبی رہنماؤں کا اسلامی نظریاتی کونسل کے اراکین کے ساتھ کراچی میں کوہی گوٹھ (فسٹولا) ہسپتال کا دورہ

جمعرات 2 مئی 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) چیئرپرسن قومی کمیشن برائے حقوق نسواں (این سی ایس ڈبلیو)، اسلامی نظریاتی کونسل اور یو این ایف پی اے کم عمری کی شادیوں کے صحت پر اثرات سے نمٹنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اور اس کے متعلق آگاہی فراہم کرنے لئے کوشاں ہے، اسی سلسلے کی اہم کوشش کے طور پر پاکستان بھر میں مختلف فرقوں کے مذہبی رہنماؤں نےاسلامی نظریاتی کونسل کے اراکین کے ساتھ کراچی میں کوہی گوٹھ (فسٹولا) ہسپتال کا دورہ کیا۔

اس دورے کا مقصد مذہبی رہنماؤں کو کم عمری کی شادیوں کے صحت پر مضر اثرات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا اور 18 سال سے پہلے کی شادیوں کو روکنے کے لئے وکالت میں ان کے اہم کردار پر زور دینا تھا۔ چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے اس حساس مسئلے کو حل کرنے میں مذہبی رہنماؤں کو شامل کرنے کی اہمیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ مذہبی رہنما سماجی اصولوں اور اقدار کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، بچوں کی شادیوں کے مضر صحت اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کرکے ہم امید کرتے ہیں کہ لڑکیوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے والی شادیوں کو فروغ دینے میں ان کی حمایت حاصل کر پائیں گے۔

(جاری ہے)

مذہبی رہنماؤں نے لڑکیوں کو کم عمری کی شادی کے منفی اثرات سے بچانے کے تصور کی حمایت کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ لڑکیوں کی شادی کےوقت ان کی عمر کے مطابق شناختی کارڈ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کمیونیٹیز، مذہبی رہنمائوں، میڈیا، عدلیہ، اور نکاح خواں کی شمولیت کے ذریعے بچوں کی شادی کے نتائج کے بارے میں بڑے پیمانے پر آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ یہ مشترکہ کوشش پاکستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق اور صحت کے تحفظ کے لئے این سی ایس ڈبلیو،سی آئی آئی اور یو این ایف پی اے کے عزم کو واضح کرتی ہے۔مسلسل وکالت اور شراکت داری کے ذریعے، ہمارا مقصد ایک ایسا معاشرہ بنانا ہے جہاں ہر فرد کو صحت مند اور بھرپور زندگی گزارنے کا موقع ملے۔

متعلقہ عنوان :