نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا پاکستان سویٹ ہوم کی بچیوں کے لئے ٹریفک حادثات سے بچائو سے متعلق آگاہی سیمینار

جمعرات 2 مئی 2024 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے پاکستان سویٹ ہوم کی بچیوں کے لئے ٹریفک حادثات سے بچائو سے متعلق روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں سویٹ ہوم کی بچیوں نے خصوصی دلچسپی لی۔ اس موقع پر موٹروے پولیس کی ایس ایس پی مبشرہ جاوید نے خصوصی شرکت کی جبکہ پاکستان سویٹ ہوم کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان (ہلال امتیاز) نے خطاب کرتے ہوئے موٹروے پولیس کی کاوشوں کو بھرپور سراہا۔

تقریب میں معروف سماجی و کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی ۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے تمام آپریشنل زونز میں انسپکٹر جنرل سلمان چوہدری کی خصوصی ہدایت پر افسران نے قومی شاہراہوں پر محفوظ سفر، روڈ سیفٹی سے متعلق شعور اور آگاہی بیدار کرنے کیلئے ہفتہ وار خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے، روڈ سیفٹی مہم کی نگرانی ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جی صاحبان کر رہے ہیں، مہم کے پہلے مرحلے میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران نے قومی شاہراہوں پر سیٹ بیلٹ اور بیک لائٹس کے بغیر سفر کرنے والے 3 لاکھ 50 ہزار ڈرائیوروں کو سیٹ بیلٹ اور بیک لائٹس کے استعمال، اہمیت اور افادیت کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور ان ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ایک لاکھ 27ہزار گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

مہم کے دوران سیٹ بیلٹ اور بیک لائٹس کی خلاف ورزی کرنے پر 111ملین سے زائد روپے جرمانہ عائد کئے گئے۔ روڈ سیفٹی مہم کے دوران نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بیک لائٹس اور سیٹ بیلٹ کے استعمال، اہمیت اور افادیت کے بارے میں چلائی گئی مہم سے 8لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفیں مستفید ہوئے۔اس موقع پر آئی جی سلمان چوہدری نے کہا کہ موٹروے پولیس کی اولین ترجیحات میں نوجوانوں میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور حادثات سے بچنے سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور قیمتی زندگیوں کو مہلک حادثات سے بچانا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم کی بچیوں کے لئے یہ روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔