بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام پر مزید ظلم ہوگا، حافظ احمدعلی

جمعہ 3 مئی 2024 21:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2024ء) جمعیت علماء اسلام پاکستان (رابطہ)کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل حافظ احمدعلی، صدر یوتھ ونگ جے یوآئی سندھ رانامحمدصابر نے کہاہے کہ بجلی کی قیمت مزید اضافہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام پر مزید ظلم اور بدترین جبر ہے، عوام کے ساتھ زیادتیاں ناقابل برداشت حدتک بڑھ چکی ہیں، جے یوآئی اس ظلم وزیادتی پر خاموش نہیں بیٹھے گی ،جلد احتجاج کا لائحہ عمل تیارکیاجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد سے واپسی کے موقع پر استقبال کے لئے آنے والے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ پرکراچی کے شہریوںکا احتجاج تاریخی ہوگا۔ ان کا کہناتھاکہ گھریلوصارفین کو بھیجے جانے والے بجلی کے پہلے ہی بہت زیادہ ہیں جنہیں اداکرنا عوام کے لئے پہلے ہی مشکل ہے اب مزید اضافے سے عوام کے لئے ادائیگی بہت زیادہ مشکل بلکہ ناممکن ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایک طرف بجلی کے نرخ ناقابل برداشت حدتک بڑھائے جارہے ہیں دوسری جانب صارفین کو کسی قسم کی سہولیات نہیں دی جارہیں،بدترین گرمی میں عوام لوڈشیڈنگ کا عذاب سہنے پر مجبور ہیں، اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کا براحال ہے، حکومت اس معاملے میں فوری اقدامات اٹھائے اور بجلی کے بلوں میں مزید اضافے کے بجائے کمی کرے تاکہ عوام کی سکت کے مطابق ہوجائیں اور عوام بخوشی ادائیگی کرسکیں۔