وزیرخزانہ سے جنوبی ایشیا کیلئے عالمی بینک کے نائب صدرمارٹن ریزرکی ملاقات، معیشت پر گفتگو

دونوں رہنمائوں کلی معیشت کے استحکام کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

منگل 7 مئی 2024 02:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2024ء) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے جنوبی ایشیا کیلئے عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن ریزر نے ملاقات کی۔پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجودتھے۔ وزیر خزانہ نے کلی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے کلیدی اشاریے مثبت ہیں جن سے ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری کی عکاسی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات و سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، اس کے ساتھ ساتھ زراعت، آئی ٹی اور کان کنی سمیت اہم شعبوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں برآمدات پر مبنی نمو، محصولات و براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ، ٹیکس نظام کو جدید بنانے، ڈیجیٹلائزیشن، سرکاری ملکیتی اداروں اور توانائی کے شعبہ میں اصلاحات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان جاری دیرینہ تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں عالمی بینک کے کردار کو سراہا۔ عالمی بینک کے علاقائی نائب صدر نے کلی معیشت کے استحکام کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔