کرغزستان میں پاکستانی طلباء کو جن مشکلات سے گزرنا پڑا حکومت کو اس کا مکمل احساس ہے ، وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک

اتوار 19 مئی 2024 21:50

کرغزستان میں پاکستانی طلباء کو جن مشکلات سے گزرنا پڑا حکومت کو اس کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ کرغزستان میں پاکستانی طلباء کو جن مشکلات سے گزرنا پڑا حکومت کو اس کا مکمل احساس ہے ، وزیراعظم کی ہدایت پر دفتر خارجہ اور کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانہ ، سیاسی اور سفارتی سطح پر پاکستانیوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور ان کے محفوظ انخلاء کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ، خصوصی پرواز کے ذریعے وطن پہنچنے والے طلباء کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کرغزستان سے خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس پہنچنے والے پاکستانی طلباء کے استقبال اور اس موقع پر شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء بہت زیادہ مشکلات اور کرب سے گزرے ہیں ہمیں ان کی مشکلات کا مکمل احساس ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھاری دل کے ساتھ یہاں طلباء کا استقبال کر رہے ہیں جن مشکلات سے وہ گزرے ہیں ان کے مداوے کیلئےہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں،وزیراعظم ، پوری کابینہ اور میری دلی دعائیں اور نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے تین بچے مختلف جگہوں پر آپ ہی کی طرح ہاسٹل میں رہائش پذیر رہے ہیں اس لیے اس بات کا اندازہ کرسکتا ہوں کہ آپ یا آپ کے والدین پر اس وقت کیا بیتی ہوگی جب انہیں معلوم ہوا کہ دیار غیر میں ان کے بچوں کے ہاسٹلز کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے یا اس پر حملہ ہو گیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسی صورتحال میں حکومت پاکستان نے ہرممکن بہتری کی کوششیں کیں ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وزیر خارجہ ، دفتر خارجہ ، پاکستانی سفارتخانہ اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کرغزستان میں پیدا ہونے والی صورتحال سے اپنے شہریوں بالخصوص طلباء کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسا معاملہ تھا جس میں اندازہ نہیں ہوتاکہ کیا کچھ کیا جائے اور ایسی صورتحال سے ہنگامی طور پر کیسے نمٹا جائے، بعض اوقات مشن اور سفارتخانوں میں اتنے لوگ نہیں ہوتے کہ وہ ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پہلے سے تیار ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ کرغزستان سے واپس آنے والے طلباء کا خیرمقدم کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ کرغزستان میں حکومت سے مکمل رابطے میں ہیں اور جو شہری اپنی مرضی سے انخلا کرنا چاہ رہے ہیں ان سے انفرادی طور پر بھی رابطہ کیا جارہاہے ، جو طلباء امتحانات یا دیگر تعلیمی مصروفیات کی وجہ سے ابھی واپس نہیں آنا چاہ رہے انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے بھی کرغزستان کی حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کی گئی ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ گزشتہ روز پرتشدد واقعات کو 24گھنٹے پورے ہونے پردفتر خارجہ میں کرغزستان سفیر کو نہ صرف طلب کیاگیا بلکہ باور کرایا گیا کہ 24گھنٹے گزرنے کے بعد کوئی وجہ باقی نہیں رہ گئی کہ ہمارے شہریوں کو سکیورٹی نہ دی جاسکے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ہم نے ان پر زور دیا کہ فوری سکیورٹی فراہم کی جائے، دفترخارجہ نے بھی ہاٹ لائن قائم کی تاکہ کسی کو بھی کوئی شکایت ہو تو رابطہ کیا جاسکے ،کرغزستان میں پاکستانی مشن میں بھی ہاٹ لائن قائم کی گئی تاکہ سفارتخانہ آپ تک رسائی کرسکے۔

انہوں نے کہاکہ ایک اور خصوصی پرواز کے ذریعے بھی مزید طلباء کو پاکستان لایا جارہاہے اور جو لوگ آنا چاہ رہے ہیں اور جو نہیں آنا چاہ رہے ہیں ان سب سے رابطہ کیا جارہاہے ۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاکہ جو بھی پاکستانی واپس آرہاہے اسے واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ نہ صرف ایئرپورٹ بلکہ کرغزستان سے واپس آنے والے ہر پاکستانی کو ان کے آبائی علاقوں اور گھروں تک محفوظ طریقے سے پہنچانے کے لیے تمام ذمہ داری حکومت پوری کرے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستانی طلباء کی حفاظت اور واپسی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی ۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے دفتر خارجہ کے حکام اور واپس آنے والے طلباء کے اہل خانہ کے ہمراہ ان کا خیر مقدم کیا ۔ وفاقی وزیر نے طلباء سے ان کی خیریت بھی دریافت کی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔