وفاقی محتسب اسلام آباد کے وفد کاٹریفک ہیڈکوارٹرزکا دورہ ،جدید تکنیکی نظام اور اس کی افادیت کو سراہا

منگل 7 مئی 2024 23:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2024ء) وفاقی محتسب اسلام آباد کے وفد نے ٹریفک ہیڈکوارٹرزکا دورہ کیا،وفد نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے جدید تکنیکی نظام اور اس کی افادیت کو سراہا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آبادسید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ایس ایس پی ٹریفک اسلام آباد محمد سرفراز ورک نے وفاقی محتسب اسلام آباد کے وفد کو ٹریفک ہیڈکوارٹرزاسلام آباد کا دورہ کروایا، وفد کو اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مرکزی نظام، جدید ٹیکنالوجی کے حامل ڈیجیٹل ون ونڈو آپریشنل ہالز اور دیگر شعبہ جات کا دورہ کروایا گیا اور ان کے طریقہ کار اور افادیت کے بارے میں مکمل آگاہ کیاگیا،ایس ایس پی ٹریفک نے وفد کو بتایا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس جدید تکنیکی منصوبے کے ذریعے مختلف شعبہ جات میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جس میں ٹریفک پولیس فیلڈ آپریشنزاور ای چالان سسٹم جیسے اقدام شامل ہیں، وفد کو میں بتایا گیا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس جدید ٹیکنالوجی کے تحت شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آنیوالے شہریوں کو ایک چھت تلے تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اس سلسلے میں 24/7پولیس خدمت مراکز اپنی خدمات شہریوں کو پہنچا رہے ہیں اس کے علاوہ طلباء و طالبات کو لرنر پرمٹ ان کی دہلیز پر فراہمی کیلیے ڈیجیٹل سمارٹ وین مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں میں جا رہی ہیں ، وفد نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے جدید تکنیکی نظام اور اس کی افادیت کو سراہا، اور اس کامیاب دورے پر ایس ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورک اور ان کی ٹیم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔