ں*مریدکے، لاہور روڈ کی آبادی کاٹھیانوالہ کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ

_دو مبینہ ڈاکو ہلاک ،ایک راہگیر جاں بحق اور ایک زخمی،پولیس نے نعشوں کو پوسٹمارٹم زخمی ، علاج معالجہ کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے دو مفرور ڈاکوؤں کی بھی تلاش شروع کر دی

بدھ 8 مئی 2024 20:00

غ*مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2024ء) لاہور روڈ کی آبادی کاٹھیانوالہ کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں اور اہل دیہہ کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ ایک راہگیر جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔پولیس نے نعشوں کو پوسٹمارٹم جبکہ زخمی کو علاج معالجہ کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے دو مفرور ڈاکوؤں کی بھی تلاش شروع کر دی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ خانپور نہر کے گاؤں کاٹھیانوالہ میں چار ڈاکو دن دیہاڑے ناکہ لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے کہ اسی دوران معمولی مزاحمت پر انہوںنے ایک راہگیر کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ دوسرے کو زخمی کر دیا گیا۔ فائرنگ کی آواز سن کر مقامی دیہاتی اور دیگر شہری اسلحہ لے کر ڈاکوؤں کے مقابلے میں آ گئے جس دوران دو مبینہ ڈاکو فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک جبکہ دو فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کے نام وقاص علی، افضل شوکت اور شہباز شوکت معلوم ہوئے ہیں جبکہ وسیم عباس نامی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے جسے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے جاں بحق ہونے والوں کی نعشیں پوسٹمارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دی ہیں جبکہ ہلاک اور فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے۔