وفاقی محتسب پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کر کے سائیلین کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، مشتاق احمد اعوان

جمعرات 9 مئی 2024 13:38

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2024ء) انچارج وفاقی محتسب آفس مشتاق احمد اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی اداروں سے متعلق کسی قسم کی شکایت ہوتو دفتر میں آکرتحریری طورپردرخواست دیں وفاقی محتسب کے پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کر کے سائیلین کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ریڈیو پاکستان کے پروگرام "شاہین سرگودہا" میں اپنے ادارہ کی کارکردگی بارے آگاہ کرتے ہوئے کیا۔

مشتاق احمداعوان نے کہا کہ ضلعی و ڈویژنل سطح پر محتسب دفاتر کے قیام کا مقصد عوام کو اُنکی دہلیز پر تیز تر انصاف کی فراہمی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سائیلین کو اس ضمن میں کسی وکیل یامڈل مین کی ضرورت نہیں،شکایت کنندہ کو بالمشافہ اپنی شکایات کے حق میں دلائل کو موقع دیا جاتا ہے اور اس وقت تک شکایت کو داخل دفتر نہیں کیا جاتا جب تک شکایت کنندہ کی مکمل تسلی نہ ہو۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مزید کہا کہ شکایات کنندگان کو اپنی شکایات پیش کرنے کیلئے بھی کسی طویل اور مشکل مراحل سے نہیں کرنا پڑتا بلکہ سادہ کاغذ پر شناختی سے متعلقہ ثبوت فراہم کرنا ہوتے ہیں اور ساتھ ہی خودکار نظام کے تحت شکایت کنندہ کو شکایت کے اندراج بارے دیئے گئے نمبر پر پیغام موصول ہو جاتا ہے، بعدازاں ضرورت پڑنے پر ذاتی شنوائی کا پیغام اور بذریعہ ڈاک تحریری طور پر بھی آگاہ کیا جاتا ہے اگر کوئی وفاقی محکمہ شکایت حل کرنے میں ناکام رہے تو شکایت کے حل میں تاخیری حربے اختیار کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف ضابطے کی کاروائی بھی عمل میں لائی جاتی ہے۔

انچارج وفاقی محتسب آفس مشتاق احمد اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب کا ادارہ وفاقی محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کا بھی ضامن ہے،وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی ہر ماہ کے پہلے ہفتے ملک بھر کے محتسب دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ویڈیو لنک اجلاس کو انعقاد کرتے ہیں جبکہ ان دفاتر کے سہ ماہی دورے بھی کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :