گوگل نے پاکستان میں مصنوعی ذہانت کیلئے اپنی سپورٹ دگنی کردی

سرچ انجن نے فری لانسرز اور خواتین کو ہنر مند بنانے کے لئے 2 نئے پروگرام شامل کردیئے

جمعرات 9 مئی 2024 17:36

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) سرچ انجن گوگل نے اے آئی ایسنشلز کورس، گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالرشپس اور نئے پروگراموں کے ذریعے پاکستان میں مصنوعی ذہانت کی مہارت کو فروغ دینے کے لیے اپنی سپورٹ دگنی کردی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گوگل نے ایک نئے کورس اے آئی ایسنشلز کا آغاز کیا ہے ، جو مستقبل کے لیے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مصنوعی ذہانت کی مہارت حاصل کرنے میں مدد کرے گا۔

گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس کے لیے سرچ انجن سال 2024 میں 45 ہزار اسکالرشپس فراہم کرے گا، سرچ انجن نے فری لانسرز اور خواتین کو ہنر مند بنانے کے لئے 2 نئے پروگرام شامل کیے ہیں۔رواں سال گوگل نے پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ایک پروگرام تیار کیا ہے، یہ پروگرام پاکستان میں فری لانس کمیونٹی کو سافٹ اسکلز ،پرسنل برانڈنگ اور کمیونیکیشن اسکلز کے حوالے سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے میں مددکرے گا۔

(جاری ہے)

اس کورس میں خیالات پر غور کرنے اور روز مرہ کاموں میں تیزی پیدا کرنے کے لئے اے آئی ٹولز کے استعمال کے بارے میں سکھایا جاتاہے۔پاکستان کے لیے گوگل کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا کہ گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس اقدام کے صورت میں ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان کے ڈیجیٹل منظر نامے میں مثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری اسکالرشپس اور تربیتی پروگراموں کو نہ صرف نوجوان پاکستانیوں کو ٹیکنالوجی کی دنیا میں تلاش کرنے میں مدد کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے بلکہ انہیں مالی طور پر بااختیار بنانے کے لئے بھی تیار کیا گیا ہے۔