غیر معیاری آٹے کی موجودگی پر فلور ملز مالکان کےخلاف مقدمات درج ہوں گے،بلال یاسین

جمعرات 9 مئی 2024 20:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2024ء) پنجاب میں سستے اور معیاری آٹے کی فراہمی کا مشن پوری تندہی سے جاری ہے اور محکمہ خوراک پنجاب اس مشن کی تکمیل کےلئے متحرک ہے۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی ہدایت پر محکمہ خوراک پنجاب نے صوبہ بھر کی1160 فلور ملوں کی چیکنگ کی اور اس دوران غیر معیاری گندم کی موجودگی پر42 فلور ملز کو بھاری جرمانے عائد کر کے ان کے لائسنس معطل کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور، بہاولپور اور رحیم یار خان کی 20 فلور ملوں کو 10 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا،اسی طرح شیخوپورہ،راولپنڈی،جھنگ،خوشاب،سرگودھا اور بھکر کی20 فلور ملوں کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے اور تمام فلور ملوں کے لائسنس ایک ہفتے کےلئے معطل کئے گئے ہیں۔وزیر خوراک بلال یاسین نے بتایا کہ قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر فیصل آباد کی2 فلور ملوں کے لائسنس منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آٹے کی گرائنڈنگ میں غیر معیاری،فنگس زدہ گندم،مڈ بالز اور ناقص اجزا کے استعمال پر کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔وزیر خوراک نے کہا کہ قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔بلال یاسین نے انتباہ کیا کہ فلور مل مالکان اپنا قبلہ درست کر لیں،آئندہ غیر معیاری آٹے کی موجودگی پر فلور ملز مالکان کےخلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔

صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ آٹے کے معیار اور روٹی کے وزن میں کمی برداشت نہیں کی جائے گی۔بلال یاسین نے کہا کہ گندم کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچا رہے ہیں اور اس مشن کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے صوبہ بھر میں محکمہ خوراک کے عملے کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام فلور ملوں میں تیار کئے جانے والے آٹے کے معیار اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔انکا کہنا تھا کہ ایک ماہ میں بھرپور محنت سے20 کلو آٹے کی قیمت میں1000 سے 1200 روپے کی کمی آئی ہے جس سے عام آدمی کو خاطر خواہ ریلیف ملا ہے۔