سپریم انجمن تاجران کا سانحہ 9 مئی کے حوالے سے اجلاس،پاک فوج کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی

جمعرات 9 مئی 2024 23:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2024ء) چیئر مین سپریم انجمن تاجران فیصل آبادمحمد امین بٹ نے کہا کہ شہدا ئے پاکستان اور ان کے خاندان ہمارے سروں کا تاج ہیں، 9 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس واقعہ میں ملوث تمام کردار کیفرکردار تک پہنچنے چاہئیں تاکہ اس جیسا سانحہ دوبارہ کبھی رونما نہ ہو،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز فیصل آباد میں سپریم انجمن تاجران کے ایک اجلاس میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ فیصل آباد کی تاجر برادری سانحہ 9 مئی کی پرزور مذمت اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہماری نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی ضامن ہے جس کے جوان ہر روز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر ہونا ہو، کوئی قدرتی آفت، سیلاب، زلزلہ یا ناگہانی آفت ہو ہر جگہ ہر وقت پاک فوج اپنی قوم کے شانہ بشانہ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام اور اپنے محافظ اداروں کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اجلا س میں صدر چوہدری محمد ارشد، وائس چیئر مین ذیشان ظفر، جنرل سیکر ٹری شیخ ارسلان و دیگر تاجر برادری نے بھی شرکت کی۔چیئر مین سپریم انجمن تاجران اور دیگر تمام تاجررہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری تاجر برادری پاک فوج کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گی۔