صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اہم پارٹی اجلاس، موجودہ سیاسی صورتحال پر غور، پنجاب میں تنظیم جلد مکمل کرنے کی ہدایت

اتوار 12 مئی 2024 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اہم پارٹی رہنمائوں کے خصوصی اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی و عمومی صورتحال پر غور و خوض کیا گیا اور پارٹی کی طرف سے حکومت کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا گیا کہ ملک بہتری کی طرف گامزن ہو رہا ہے اوران حالات میں انتشار اور عدم استحکام کی مکمل حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔

اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں حالیہ ضمنی انتخابات میں پنجاب میں آئی پی پی کی واضح کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے پارٹی کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا گیا اور مستقبل میں مزید بہتری کے لئے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔

(جاری ہے)

صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں پنجاب بھر میں ضلعی سطح پر پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل کیا جائے اور بلدیاتی انتخابات کیلئے گراس روٹ لیول پر تیاریاں شروع کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے منتخب اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی ایوان میں عام آدمی کے مسائل کو اجاگر کریں اگرچہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کا رحجان حوصلہ افزا ہے لیکن شہریوں کو مزید ریلیف دینا ہوگا تاکہ ان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ اجلاس میں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات پر زور دیا گیا،پنجاب میں کسانوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے ازالے کے لئے مربوط حکمت عملی کی تجویز پیش کی گئی۔

استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے پارٹی صدر اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا اوراس توقع کا اظہار کیا گیا کہ عبدالعلیم خان ماضی کی طرح آئندہ بھی سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور پارٹی کے مفادات کوہمیشہ ترجیح دیں گے۔ اجلاس میں سینئر سیاسی رہنما اسحاق خان خاکوانی، غلام سرور خان، ہمایوں اختر خان، صوبائی صدر رانا نذیر احمد خان، سردار ایاز خان نیازی، ممبرا ن قومی اسمبلی عون چوہدری، انجینئر گل اصغر بھگور اور ڈاکٹر منزہ حسن، ممبران پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی اور سارہ احمد نے شرکت کی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پاکستان میاں خالد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، تسکین خاکوانی، ڈاکٹر عروج گیلانی، نعمان لنگڑیال، فرخ ممتاز مانیکا، نوریز شکور، امیر حیدر سنگھا، یاور کمال، چوہدری ظہیر الدین، چوہدری عبدالروف، ہارون عمران گل، سید گل آغا، نوشیر مان اور ملک زمان نصیب نے شرکت کی جبکہ شرکا نے پارٹی کی تنظیمی صورتحال، ماضی کے تجربات، آئندہ کی سیاسی حکمت عملی، دیگر سیاسی جماعتوں سے اشتراک اور مختلف اہم امور پر سیر حاصل گفتگو کی اور اس امر پر اتفاق ہوا کہ ہم سب ساتھیوں کو مل کر سیاسی سفر جاری رکھنا ہے اور مضبوط بیانیہ کے ساتھ آئندہ کے انتخابی میدان میں اترنا ہوگا۔

اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق ہوا کہ آئندہ ایک ہفتے میں پنجاب کے تمام اضلاع سے پارٹی صدور اور جنرل سیکرٹری کے نام تجویز کر دیے جائیں گے جس کے بعد پارٹی کنونشن اور سیاسی اجتماعات منعقد ہوں گے تاکہ استحکام پاکستان پارٹی کو یونین کونسل کی سطح پر متحرک کیا جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کی پر زور الفاظ میں مذمت بھی کی گئی۔