پرویزالٰہی کی منتقلی، سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

اسلام آباد ہائکورٹ سے سیکریٹری داخلہ کے خلاف بھی توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 مئی 2024 14:43

پرویزالٰہی کی منتقلی، سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی 2024ء ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کی منتقلی پر سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الہی کی اڈیالہ جیل راولپنڈی سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقلی کے معاملے پر سیکریٹری داخلہ اور سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو اڈیالہ جیل سے منتقل کرکے گھر میں نظر بند رکھنے کے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر سیکٹری داخلہ خرم آغا اور سپریٹینڈنٹ اڈیالہ جیل اسد وڑائچ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

بتایا جارہا ہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے، جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی کو کوٹ لکھپت جیل میں بی کلاس میں رکھا گیا ہے، سابق وزیراعلی پنجاب کو اینٹی کرپشن کیسز میں عدالت میں پیشی کے لئے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا، اس حوالے سے مرکزی صدر تحریک انصاف کی اہلیہ بیگم قیصرہ الٰہی نے کہا ہے کہ سیکرٹری داخلہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق عملدرآمد نہیں کیا، وزارت داخلہ نے چوہدری پرویزالٰہی کو اسلام آباد کی حدود سے نکال کر لاہور کوٹ لکھپت جیل میں شفٹ کر دیا، وزارت داخلہ کا یہ اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی صریحاً خلاف وزری ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق فوری عمل یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو ہاؤس اریسٹ کرنے کا حکم دیا تھا، اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کو ہسپتال یا گھر منتقل کرنے کی درخواست پر فیصلہ سنایا، جسٹس ارباب محمد طاہر نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا جس میں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی اہلیہ قیصرہ الہی کی ان کے شوہر کو ہسپتال یا گھر منتقل کرنے کی درخواست منظور کرلی اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الہٰی کو 15 روز میں ہاؤس اریسٹ کرنے کا حکم دیا۔