سندھ کے عوام کیلئے انقلابی اقدامات کررہے ہیں : شرجیل انعام میمن

پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جوہروقت عوام کیساتھ کھڑی ہوتی ہے،سینئر صوبائی وزیر کا تقریب سے خطاب

پیر 13 مئی 2024 17:30

سندھ کے عوام کیلئے انقلابی اقدامات کررہے ہیں : شرجیل انعام میمن
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) سینئرصوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کیلئے انقلابی اقدامات کررہے ہیں ، پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جوہروقت عوام کیساتھ کھڑی ہوتی ہے۔ حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے پروگرام میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آپ تمام سے بھائیوں والا رشتہ ہے ، آج کی تقریب میں جو ہیلتھ کارڈ بنائے ہیں اس بات کی خوشی ہے ، ان کارڈز کی تقسیم کی دعوت جب دی گئی تھی جب نگراں سیٹ اپ تھا، حکومت سندھ کی جانب سے پریس کلب اور یونینز کے چیک آج دیے یہ احسان نہیں ہمارا فرض ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت سے جو پیپلزپارٹی کارشتہ ہے وہ کسی کا نہیں ، صحافت کے لیے محترمہ بے نظیر اور زرداری صاحب نے جدوجہد کی ، تنقید برداشت کرنا آسان نہیں، ہمیں پتا ہے کہ آزادی صحافت چیلنج بن گیا ہے، 2008 میں ہمارے خلاف مہم چلائی گئی، ہمیشہ ہمیں برا دکھایا گیا، اس میں ہمارے مخالفین شامل تھے، ان کی میڈیا مینجمنٹ ہم سے زیادہ بہتر تھی، صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جتنے تاریخی کام ہوئے وہ پیپلزپارٹی نے کیے ہیں، 18 ویں ترمیم کو بحال کرنا ہو تو پیپلزپارٹی دیتی ہے ، این ایف سی ایوارڈ ہو یا خودمختاری ہو تو پی پی دیتی ہے، بلوچستان کے حقوق ہوں یا خیبرپختونخوا کو نام دینا ہو پیپلزپارٹی کرتی ہے، آئین ،ایٹمی طاقت،میزائل ٹیکنالوجی،اٹھارہویں ترمیم کو اصل حالات میں پیپلزپارٹی نے بحال کیا ۔

صوبائی وزیر کا کہناتھا کہ سیلاب کے دوران سب نے سندھ کی صورتحال دیکھی تھی، سیلاب متاثرین کیلئے 21لاکھ گھر پاکستان پیپلز پارٹی بنا رہی ہے، بڑے ہسپتالوں کا سندھ کے ہسپتالوں سے کوئی موازنہ نہیں، پورے ملک سے لوگ سندھ کے ہسپتال آتے ہیں علاج کروانے کے لیے، یہ بلاول بھٹو کا ویژن ہے، مراد علی شاہ کی محنت کا نتیجہ ہے کہ سارے محکمے کام کر رہے ہیں۔