بلوچستان کی سرزمین علم و ادب میں اپنا الگ مقام رکھتی ہے سید ذوالفقار علی شاہ

بدھ 15 مئی 2024 23:21

کراچی/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2024ء) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی سرزمین علم و ادب میں اپنا الگ مقام رکھتی ہے جبکہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، حالات کا تقاضہ ہے کہ یہاں کے نوجوانوں کو آگے لاکر انہیں مواقع فراہم کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ مینجمنٹ سائنس کالج میں منعقدہ دو روزہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان کی محرومیوں کے ازالے کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور عملی اقدامات اٹھائے جبکہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بلوچستان کیلئے آغاز حقوق بلوچستان پیکیج شروع کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر افتتاحی تقریب میں ادیب، تجزیہ کاروں، نوجوانوں اور طلبائ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کا سندھ کے ساتھ دیرینہ تعلق ہے جس کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کی تقاریب کا پورے ملک میں انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے کہ جہاں دیگر صوبوں کے نوجوانوں کو بھی بھیجا جائے تاکہ وہ صوبوں کی ثقافت کو جان سکیں۔

صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے تقریب کے توسط سے بلوچستان کے نوجوانوں کو سندھ کے تفریحی و تاریخی ثقافتی مقامات کے دورے کی دعوت بھی دی۔ قبل ازیں دو روزہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول میں آمد پر صدر آرٹس کاؤنسل احمد شاہ نے صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کا استقبال کیا۔ سید ذوالفقار علی شاہ نے فیسٹیول میں شریک سینیئر صحافی سلیم صافی، مظہر عباس، نورالہدیٰ شاہ، فواد حسن فواد، اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی سمیت دیگر شخصیات اور شہریوں سے بھی ملاقات کی۔ انھوں نے فیسٹیول میں سندھ کی جانب سے لگائے جانے والے اسٹال کا بھی دورہ کیا۔#