سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اورنج لائن ایکسٹینشن کا افتتاح کردیا

جمعرات 16 مئی 2024 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے اورنگی ٹائون کراچی میں واقع اورنج لائن ڈپو پر اورنج لائن ایکسٹینشن کا افتتاح کر دیا۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوامی ضروریا ت کو مدنظر رکھتے ہوئے عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب اورنج لائن اور گرین لائن سسٹم کو آپس میں ملادیا ہے، اب اورنج لائن کی تمام بسیں گرین لائن بورڈ آفس سٹیشن جائیں گی، جہاں سے مسافر پیدل چلنے والے پل کے ذریعے گرین لائن میں سوار ہو جائیں گے اور جو مسافر گرین لائن سے اتر کر واپس اورنگی جانا چاہیں گے وہ اورنج لائن بس کے ذریعے واپس اورنگی جا سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے استفادہ کرنے والے مسافروں کیلئے زیادہ سے زیادہ کرایہ 25 روپے وصول کیا جائے گا، پاکستان پیپلز پارٹی اپنی قیادت صدر مملکت آصف علی زرداری ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن پر عمل پیرا ہے، پارٹی قیادت کے ویژن اور حکومت سندھ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے احکامات کی روشنی میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے عوام کے لئے منصوبے بنائے جا رہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی عوام کو سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی نعروں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، اورنج لائن اور گرین لائن کے انضمام سے عوام کے لئے سفری آسانیوں میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خودکار کرائے کی ادائیگی والے کارڈ بننا شروع ہو چکے ہیں، یہ سسٹم ایک ماہ کے اندر مکمل طور پر فعال ہو جائے گا، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو فوری ریلیف ملے اور کسی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔ ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیڑول کی قیمتوں میں کمی خوش آئند بات ہے اور اس سے عوام کو ریلیف ملے گا لیکن جب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا تب بھی ہم نے پیپلز بس سروس کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا تھا، سندھ حکومت پیپلز بس سروس کے کرایوں کو ہر حال میں برقرار رکھے گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ امن امان کی مکمل بحالی اور منشیات کے خاتمے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، متعدد منشیات فروش گروہوں کو پکڑا گیا ہے، سندھ حکومت منشیات کا نام و نشان مٹا دے گی۔