عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لیے اتحادی جماعتیں اور حکومت ہر حال میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے،چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی

جمعرات 16 مئی 2024 23:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت اور اتحادی جماعتیں ہر حال میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں سرکٹ ہاوس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پہلے حکومت کیساتھ اتحاد میں شامل ہونے سے گریزاں تھی لیکن بعد میں ہم نے حکومت کو سپورٹ کیا،کوئی بھی مشکل ہو ہر حال میں اتحادی جماعتیں حکومت کا ساتھ دیں گی، خوشی ہے کہ چیزیں اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہی ہیں،ایک دوسرے کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانا پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے منشور کا بھی حصہ ہے، پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے عوامی مطالبے کی ہمیشہ وکالت کی اور کرتی رہے گی،جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے موقف میں تبدیلی سے متعلق گردش کردہ خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

(جاری ہے)

گندم کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بات چیت کے ذریعے معاملہ کا حل نکالنا چاہیے تاکہ کسانوں کو ان کا حق مل سکے اور مڈل مین صورتحال کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائے۔ایک اور سوال کے جواب میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تمام ادارے آئین کے مطابق اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کریں تو پریشانی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں،سیاست میں احتجاج کی جگہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات کو حل کرنے کیلئے سیاسی پختگی، صبر،دوسروں کے نقطہ نظر کومدنظر رکھنا اور مذاکرات کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو مدنظر نظر رکھ کر مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کرنے کو مقدم جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے صدر مملکت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بات چیت کے ذریعے معاملات کے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔نہوں نے کہا کہ سینیٹ میں ماحول اچھا چل رہا ہے جہاں حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کو بھی اپنا نقطہ نظر بیان کر نے کا پورا موقع فراہم کیا جا رہا ہے ۔نجکاری کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر پیپلز پارٹی پہلے ہی ایوان میں اپنا موقف بیان کر چکی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملتان پنجاب کا تیسرا بڑا شہر ہے اور دمشق کے مقابلے میں دنیا کے قدیم ترین زندہ شہروں میں شامل ہے اور ملتان بڑا شہر قرار دینے کا حقدار ہے، بطور وزیراعظم ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں ڈھیروں ترقیاتی منصوبے کروائے،بطور چیئرمین سینٹ بھی خطے کی ترقی کیلئے ہر ممکن کردار ادا کروں گا۔انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ ہیڈ محمد والا روڈ، ملتان وہاڑی روڈ، ملتان رنگ روڈ، ملتان کیڈٹ کالج، نادر آباد لیول کراسنگ جیسے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ملتان میں تھیلیسیمیا ہسپتال کی خواہش بھی رکھتے ہیں اور انہوں نے اپنے بیٹے ممبر پنجاب اسمبلی سید علی حیدر گیلانی کو پنجاب اسمبلی میں شادی سے پہلے بلڈ سکریننگ بل پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔یوسف رضا گیلانی نے تھیلسیمیا بیماری کے مزید پھیلاؤ کے امکانات کو روکنے کے لیے پری میرج بلڈ سکریننگ کیلئے قانون سازی کو اہم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں سپیشل اکنامک زون بنانے کیلئے165 ایکڑ اراضی بورڈ آف انویسٹمنٹ اور وزارت صنعت کو منتقل کر دی گئی،سپیشل اکنامک زون کی سہولت جنوبی پنجاب کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گی۔