چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو دھمکی آمیز پیغام موصول

پیغام میں رکن قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی کے حوالے سے دھمکی دی گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 مئی 2024 19:12

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو دھمکی آمیز پیغام موصول
ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی 2024ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو موبائل فون پر نامعلوم شخص کی جانب سے دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دھمکی آمیز پیغام موصول ہونے پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کی مدعیت میں تھانہ کینٹ میں نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جس میں ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پیغام میں رکن قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی کے حوالے سے دھمکی دی گئی، پیغام بھیجنے والے نمبر کی لوکیشن خانیوال سے ٹریس ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ایس پی طاہر مجید کی سربراہی میں سی آئی اے انچارج سمیت پولیس اہلکاروں کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جن کی جانب سے ملزم کی فوری گرفتاری کیلیے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارتی کے رہنماء یوسف رضا گیلانی 9 اپریل 2024ء کو بلا مقابلہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے تھے کیوں کہ ان کے مقابلے میں کسی نے کاغذات نامزدگی جمع ہی نہیں کروائے تھے، اسی طرح مسلم لیگ (ن) کے سردار سید آل خان بلا مقابلہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے تھے، یوسف رضا گیلانی اور سیدال خان ناصر حکومتی اتحاد کے امیدوار تھے۔