ایرانی صدر رئیسی کی ہلاکت پر عالمی رہنماوں کا اظہار تعزیت

DW ڈی ڈبلیو پیر 20 مئی 2024 13:40

ایرانی صدر رئیسی کی ہلاکت پر عالمی رہنماوں کا اظہار تعزیت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 20 مئی 2024ء) پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہلاکت پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اچھی خبر کی امید تھی تاہم افسوس ایسا نہیں ہوا، صدر رئیسی پاکستان کے اچھے دوست تھے۔

انہوں نے کہا کہ "اس بڑے نقصان پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ایرانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، پاکستان کا قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور ملک بھر میں ایک روزہ سوگ منایا جائے گا۔

"

ایران: محمد مخبرعبوری صدر مقرر

ایرانی صدر رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک، سرکاری میڈیا

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور حادثے میں جاں بحق دیگر افراد کے سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ " صدر ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے، عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا، ایرانی صدر فلسطینی اور کشمیری عوام سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں کے درد کو دل سے محسوس کرتے تھے، آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے۔

(جاری ہے)

"

عالمی رہنماوں نے بھی ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر حکام سمیت نو افراد کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

بھارت

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایران کے صدر کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ "اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے المناک انتقال پر میں گہرے دکھ اور صدمے میں ہوں، بھارت-ایران باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ میری دلی تعزیت ہے، بھارت دکھ کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔

"

روس

تہران میں روسی سفارت خانے نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے بھی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہلاکت پر شدید اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اور ایرانی صدر کے درمیان دیرینہ تعلقات تھے۔

عراق نے جاری بیان میں کہا کہ، "ہم اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور ایران، اس کی حکومت اور عوام کے تئیں اپنی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، ہم اس دردناک سانحے میں برادر ایرانی عوام اور اسلامی جمہوریہ کے حکام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

یورپی یونین نے بھی ایرانی صدراور وزیر خارجہ کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات/ قطر

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ" میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ساتھ ہونے والے ایک المناک حادثے پر ایرانی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، ہم دعا کرتے ہیں کہ خدا انہیں ابدی سکون عطا فرمائے اور ہم ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، متحدہ عرب امارات اس مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔

"

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا کہنا تھا کہ ہم نے دردناک ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ساتھ موجود اہلکاروں کی موت پر" اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالی سے ان کے لیے رحمت اور مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔

"

حماس

حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای، ایرانی حکومت اور ایرانی عوام کے ساتھ اس بے پناہ نقصان پر گہری تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے-

حماس نے فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی کرنے پر ایرانی رہنماؤں کی تعریف کی اور ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔

یمن میں حوثی سپریم ریولیوشنری کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے ابراہیم رئیسی اور دیگر افراد کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہو ئے امید ظاہر کی کہ ایرانی عوام انشاء اللہ اپنے رہنماوں کے تئیں وفادار رہیں گے۔

ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)