”ہتکِ عزت قانون“ کی آڑ میں آزادی اظہاروابلاغ کے دستوری حق پر ڈاکہ ڈالنے کی تیاری ہے

ملک میں دستور مخالف قانون سازی قبول نہیں کریں، ایسے اقدامات کیخلاف شدید مزاحمت کریں گے، عوامی مینڈیٹ سے محروم سیاسی کٹھ پتلیاں غیرآئینی ایجنڈے کو کندھا فراہم کر رہی ہیں،ترجمان پی ٹی آئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 20 مئی 2024 18:24

”ہتکِ عزت قانون“ کی آڑ میں آزادی اظہاروابلاغ کے دستوری حق پر ڈاکہ ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2024ء) ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پنجاب میں ”ہتکِ عزت قانون“ کی آڑ میں آزادی اظہاروابلاغ کے دستوری حق پر ڈاکہ ڈالنے کی تیاری ہے۔ ملک میں دستور مخالف قانون سازی قبول نہیں کریں، ایسے اقدامات کیخلاف شدید مزاحمت کریں گے۔ پی ٹی آئی ایکس کے مطابق پنجاب میں ”ہتکِ عزّت قانون“ کی آڑ میں آزادی اظہار و ابلاغ کے دستوری حق پر ڈاکہ ڈالنے کی تیاریوں کا معاملہ، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بنیادی دستوری حقوق کے خلاف جاری منظّم ریاستی یلغار کی شدید مذمت، ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک کے کسی حصے میں دستور مخالف قانون سازی یا انتظامی اقدامات قبول نہ کرنے اور ان کے خلاف شدید مزاحمت کا اعلان کرتے ہیں، عوامی تائید اور مینڈیٹ سے محروم سیاسی کٹھ پتلیاں دستور مخالف ریاستی عناصر کے غیرآئینی ایجنڈے کو کندھا فراہم کرکے ایوانوں میں اپنی ناجائز موجودگی کا معاوضہ ادا کررہے ہیں، پاکستان کو دستور سے محروم اور لاقانونیت کی بنیادوں پر کھڑی ایک ریاست کی شکل میں ڈھالا جارہا ہے، جنگ کے قانون کو ملک کا نیا دستور بنا کر اپنی مرضی مسلط کرنے والے ایک ایک کرکے تمام بنیادی آئینی حقوق غصب کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں میڈیا، سوشل میڈیا اور صحافی بدترین ریاستی عتاب اور ماورائے آئین و قانون قدغنوں کی زد میں ہے۔ گھٹن اور جبری زباں بندی کے اس ماحول میں اسمبلیوں سےخلافِ آئین قانون سازی ایوانوں کو جمہوریت کُش مورچوں میں بدلنے کی مکروہ کوشش ہے جس کی ہر سطح پر مزاحمت کریں گے، آزادئ اظہار و ابلاغ کی حرمت کیلئے کام کرنے والے حلقے آگے بڑھیں اور شہریوں/میڈیا کی بیڑیاں پہنانے کے مجرمانہ عمل کے خلاف وسیع تر مزاحمت کا اہتمام کریں۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف ریاستی و حکومتی بدمعاشیوں پر عوام کی جبری زباں بندی کی ہر حکومتی کوشش کی ہر سطح پر مخالفت اور مزاحمت کرے گی۔