رفح میں فوجی آپریشن پر اسرائیل نے خدشات کو مدنظر رکھا، امریکا

میرے خیال میں اسرائیلیوں نے اپنے منصوبوں کو نئی ترتیب دی ہے، امریکی اہلکار

جمعرات 23 مئی 2024 15:14

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2024ء) امریکا نے دعوی کیا ہے کہ رفح میں فوجی آپریشن کے معاملے پر اسرائیل نے ہمارے خدشات کو مدنظر رکھا ہوا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے سینئر اہلکار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے پناہ گزینوں سے پر غزہ کے شہر رفح میں فوجی کارروائی کرتے ہوئے امریکی خدشات کو مدِنظر رکھا ہوا ہے، میرے خیال میں اسرائیلیوں نے اپنے منصوبوں کو نئی ترتیب دی ہے، انہوں نے کئی خدشات کو پیشِ نظر رکھا ہے جن کا ہم نے اظہار کیا ہے۔

سینئر امریکی اہلکار نے مزید کہا کہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں وزیرِ اعظم نیتن یاہو سمیت سینئر اسرائیلی حکام کے ساتھ بات کی تھی، یہ ایک جاری بحث اور بات چیت ہے، بحث تعمیری رہی ہے، اہم بات یہ ہے کہ اصل میں کیا ہوتا ہے، ہم اسرائیلی کارروائیوں کو سبز جھنڈی نہیں دکھاتے یہ ہمارا کام نہیں ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے عوامی طور پر کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ اسرائیل رفح میں کوئی بڑا زمینی حملہ کرے جو غزہ کی پٹی کے انتہائی جنوب میں ہے، اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ سے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں سے پر ہے۔

اپنے سب سے بڑے اتحادی امریکا سمیت بین الاقوامی مخالفت کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیل نے اس ماہ کے اوائل میں رفح کے کچھ حصوں پر زمینی حملہ کیا جس کی وجہ سے وہاں پھنسے 10 لاکھ سے زائد شہریوں کی جانیں خطرے میں ہیں۔

متعلقہ عنوان :