بیٹے ہنٹر بائیڈن کے کیس میں اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے سزا معاف یا کم نہیں کروں گا، جوبائیڈن

ہفتہ 15 جون 2024 22:23

بیٹے ہنٹر بائیڈن کے کیس میں اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے سزا ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2024ء) امریکا کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے کیس میں اپنے اختیارات کااستعمال کرتے ہوئے سزا معاف یا کم نہیں کریں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اٹلی میں جی سیون سربراہی کانفرنس کے موقع پر صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے ہنٹر پر فخر ہے کہ اس نے نشے کی عادت پر قابو پایا۔

وہ ایک انتہائی ہوشیار اور مہذب انسان ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ عدالت کے فیصلے کا احترام کریں گے اور معافی نہیں دیں گے۔یاد رہے کہ جیوری نے ہنٹر بائیڈن کو تین سنگین جرائم میں قصوروار پایا جو 2018 میں ایک ہینڈگن کی خریداری سے متعلق ہیں جب وہ کوکین کے نشے کے عادی تھے۔ریاست ڈیلاویئر کی 12 رکنی جیوری نے ہنٹر بائیڈن کو تینوں جرائم میں ملوث قرار دیتے ہوئے الزامات درست قرار دیے ہیں۔

(جاری ہے)

جیوری نے ریمارکس دیے کہ ہنٹر بائیڈن نے نشے کی حالت میں اسلحہ خریدنے اور اس سے متعلق غلط بیانی کی تھی۔فی الحال عدالت نے سزا سنائے جانے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تاہم آئندہ ماہ سنائے جانے کا امکان ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ہنٹر بائیڈن کو 25 سال قید اور ساڑھے سات لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔جیوری کے فیصلے پر ردعمل میں جو بائیڈن نے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے سے بہت پیار ہے۔یہ امریکی تاریخ میں مجرمانہ کارروائی کا پہلا کیس ہے جب ملک کے صدر کے بیٹے کو عدالت نے سزا سنائی ہے۔