پنجاب میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی

ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم‘ شہریوں کو دھوپ میں مشقت سے گریز اور غیرضروری گھروں سے نہ نکلنے کا مشورہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 27 مئی 2024 11:11

پنجاب میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2024ء ) صوبہ پنجاب میں آج درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کردی گئی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں آج بھی ہیٹ ویو اورگرمی کی لہر برقرار رہے گی، اس دوران درجہ حرارت 45 سے 50 ڈگری تک جانے کا خدشہ ہے، ساؤتھ پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے، جس کے باعث تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کردیئے گئے، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں دھوپ میں مشقت اور غیرضروری گھر سے باہرنہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز خان پور 50 ڈگری، رحیم یار خان، بھکر 49 اور کوٹ ادو میں 48 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، لاہور سمیت میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 44 ڈگری تک رہا جب کہ گزشتہ سال زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اسی طرح کراچی میں بھی رواں ہفتے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، موسمیاتی تجزیہ کار اویس حیدر کی جانب سے کہا گیا کہ منگل سے جمعرات تک شہر کے درجہ حرارت میں اضافہ ہو سکتا ہے، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی تک بھی پہنچ سکتا ہے جس کے سبب کراچی میں اگلا ہفتہ سال کا گرم ترین ہفتہ رہ سکتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو بلا ضرورت گھر سوں ے باہر نکلنے سے گریز کرنے کے ساتھ ٹھنڈے پانی اور ہلکے کپڑے پہننے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی کوآرڈینیشن کے ترجمان محمد سلیم شیخ نے کہا ہے کہ ہیٹ ویو سے نمٹنے کے اقدامات کے بارے میں عوام کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے ، اگرچہ پاکستان گلوبل وارمنگ کی وجہ سے حالیہ برسوں میں مہلک ہیٹ ویوز کی شدت اور بڑھتی ہوئی تعداد کا تیزی سے خطرہ بن گیا ہے، گرمیوں کے مہینوں میں مہلک گرمی لوگوں کی صحت کو ڈی ہائیڈریشن سے لے کر ہیٹ ریشز تک بہت زیادہ نقصان پہنچا سکتی ہے اور گرمی سے متعلق دیگر بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں، کمزور مدافعتی نظام رکھنے کی وجہ سے بچوں، بوڑھوں اور عورتوں کے لیے صورت حال زیادہ پریشان کن اور سنگین ہو سکتی ہے، افراد کو صحت کے پریشان کن مسائل سے ہر ممکن طریقے سے خود کو بچانا ہوگا، خاص طور پر صبح 11:00 بجے سے دوپہر 3:00 بجے تک گرم اوقات کے دوران غیر ضروری بیرونی سرگرمیوں سے گریز کرنا چاہیئے۔