ي*پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے میڈ ان پاکستان3.0پروگرام کے تحت جاپان کو براہ راست برآمدات کا آغاز

پیر 27 مئی 2024 22:30

mاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2024ء) پاکستان ٹوبیکو کمپنی (پی ٹی سی) نے اپنے پروگرام میڈ ان پاکستان3.0کے تحت اپنے جدید ترین تمباکو فری نکوٹین پاؤچز ویلو کی جاپان کو براہ راست برآمدات کے آغاز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔یہ اعلان اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال تھے۔

واضح رہے کہ پی ٹی سی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی سب سے پہلی بین الاقوامی کمپنی تھی۔ پی ٹی سی نے پاکستان سے برآمدات کا اپنا یہ جامع پروگرام اپریل 2019میں حکومت وقت کی برآمدات میں اضافے کے عزم کے تحت لانچ کیا تھا۔اس وقت سگریٹ اور پراسس شدہ تمباکو دنیا کے مختلف ممالک کو برآمد کیا جاتا تھا۔اس وقت سے اس پروگرام نے 157ملین امریکی ڈالرز اکٹھا کیے ہیں جس سے قومی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

(جاری ہے)

ویلو کی جاپان کو بر آمد سے امید کی جا رہی ہے کہ غیر ملکی زر مبادلہ میں 50ملین امریکی ڈالرز کا نمایاں اضافہ ہو گا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ محض پانچ سالوں کے دوران پی ٹی سی نے حکومت پاکستان کو ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کی مد میں 680ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم ادا کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے رواں سال وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے خصوصی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر جام کمال کا کہنا تھا کہ پی ٹی سی نے آج ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔اس سے نہ صرف پی ٹی سی کے پاکستانی معیشت میں بہتری کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے بلکہ یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کے پاس عالمی مارکیٹ کیلئے بہترین اور جدید ترین مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے ہمیشہ سے ایک موزوں ملک رہا ہے۔

حکومت پاکستان وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں ایسے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر نے کیلئے کوشاں ہے۔ آج کا یہ پروگرام اسی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی اے ٹی گروپ کے ریجنل ڈائریکٹر برائے ایشیا پیسفک، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ مائیکل ڈی جانوزک کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ ہمارے لیے بلاشبہ قابل فخر ہے کیونکہ پی ٹی سی جاپان جیسی اہم مارکیٹ کیلئے جدید ترین اورل نکوٹین پاؤچز بر آمد کرنے جارہی ہے۔

پی ٹی سی کے پروگرام میڈ ان پاکستان 3.0 سے پاکستان اور بی اے ٹی دونوں کا باہمی رشتہ مزید مضبوط ہو گا۔ آنے والے دنوں میں ہم امید کرتے ہیں کہ بر آمدات کا یہ سلسلہ مزید ملکوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔ پی ٹی سی کے ایم ڈی و سی ای او علی اکبر کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم اپنی مصنوعات کی برآمدات کے دائرہ کار کو توسیع دینے جا رہے ہیں جس سے پاکستان کی معاشی ترقی میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔

ہماری کمپنی اپنی جدید مصنوعات کیلئے نئے مواقع اور مارکیٹیں تلاشتی رہتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم اپنی مصنوعات کی بہتری میں ہمہ تن مصروف رہتے ہیں۔ ہم حکومت پاکستان سے درخواست کرتے ہیں کہ اس شعبے کیلئے درست ریگولیٹری اور مالی رجیم کے ذریعے ہمارے ساتھ جاری اس تعاون کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ کاروباروں کو مزید بڑھنے کا موقع ملتا رہے۔مستقل بنیادوں پر کی جانے والی مناسب قانون سازی ہی ان کاروباروں کی طویل مدتی کامیابی کا تعین کرے گی۔