جامعہ بنوریہ عالمیہ کا ایک اور تاریخی اقدام مدارس کے پہلے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کی تنفیذ کا اعلان

اتوار 2 جون 2024 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2024ء) بین الاقوامی دینی درسگاہ جامعہ بنوریہ عالمیہ نے مدارس دینیہ کے لیے پہلا پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا ہے۔جس کے نفاذ کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، یہ نظام بنوریہ کے 63 شعبوں اور 768 ملازمین کیلئے پہلے سے ہی نافذ ہے جبکہ تقریب میں جامع الرشید اور دیگر مدارس میں بھی اسے نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامع الرشید کے سرپرست اعلی مفتی عبدالرحیم نے اس نظام کی تیاری اور تنفیذ کو سراہتے ہوئے کہا کہ "جامعہ بنوریہ عالمیہ کا یہ اقدام منفرد، تاریخی اور وقت کی ضرورت ہے، یہ دیگر تعلیمی اداروں کیلئے مشعل راہ ہے، اس کی تیاری پر جامعہ بنوریہ کی انتظامیہ کو خراج تحسین اور مبارکباد پیش کرتاہوں۔

(جاری ہے)

جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس ڈاکٹر مولانا نعمان نعیم نے نظام کی اہمیت اور افادیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ "مدارس دینیہ کے لیے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم تکمیل کو پہنچا جو یقینا تاریخی اقدام ہے جس پر میں اپنے رفقا کو مبارکباد پیش کرتاہوں جامعہ میں پہلے ہی یہ نظام رائج ہے اب اس کو جامع الرشید اور دیگر مدارس میں بھی جلد نافذ کیا جائے گا۔

جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ناظم تعلیمات مولانا عبدالحمید خان غوری نے کہاکہ یہ نظام مدارس کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہوگی، مدارس دینیہ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ جس سے مدارس کو اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور جدید خطوط پر چلانے میں مدد ملے گی۔مشیر رئیس جامعہ، شاہد صدیقی نے شرکا تقریب کو اس نظام سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ "اس نظام سے ادارے منظم انداز میں آگے بڑھ سکیں گے، اہداف کا تعین، کارکردگی کا جائزہ، اور فیڈ بیک کے ذریعہ شعبہ جاتی ملازمین کو ترقی کے مواقع میسر آئیں گے، وقت، وسائل کا تخمینہ آسان ہوگا، کوالٹی ایشورنس اور بنچ مارکنگ کا نظام متحرک ہوگا اور اس نظام سے شعبوں اور ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لینا آسان ہوگا۔

۔تقریب میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے 63 شعبہ جات کے مسلین اساتذہ حدیث،،جامع الرشید کراچی کے سینئر اساتذہ کرام اور مدارس منتظمین شریک تھے۔شرکا ِتقریب کی جانب سے اس نظام کی تیاری اور تنفیذ کو دور حاضر کی ضرورت اور دیگر اداروں کیلئے قابل تلقید و تحسین قرادیتے ہوئے جامعہ کی اس کاوش پر خراج تحسین پیش کیاگیا۔بابرکت تقریب کا اختتام شیخ الحدیث حضرت مولانا عزیز الرحمن ہزاروں کی خصوصی دعا کے ساتھ ہوا ۔

متعلقہ عنوان :