یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ ابلاغیات کی جانب سے فوٹو جرنلزم کی نمائش کا انعقاد

منگل 11 جون 2024 17:38

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ ابلاغیات کی جانب سے فوٹو جرنلزم کی نمائش کا انعقاد کیا گیا،جس میں طلبہ نے چائلڈ لیبر،اچھی صحت و تندرستی، غربت کے خاتمہ،صنفی مساوات اور معیاری تعلیم جیسے پائیدار ترقی کے عالمی اہداف کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ان اہداف کا حصول یقینی بنانے کیلئے سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا۔

نمائش کا افتتاح ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے کیا جبکہ اُن کے ہمراہ ڈائریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنا سٹڈیز ڈاکٹر محمد عرفان، انچارج انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن بشریٰ گل اور چیئرپرسن شعبہ ابلاغیات ڈاکٹر مدثر حسین شاہ اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے فوٹو جرنلزم نمائش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تصویری نمائش میں زندگی کے حقیقی مسائل کی نہایت خوبصورتی سے منظر کشی کی گئی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کو پائیدار ترقی کے عالمی اہداف سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ معاشرہ تعلیم سے مستفید ہو۔ بشریٰ گل نے طلباء کی تخلیقی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل قریب میں انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن اور شعبہ ابلاغیات مفادِ عامہ پر مشتمل منصوبوں پر مل کا کام کریں گے۔ ڈاکٹر محمد عرفان نے فیکلٹیز کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان اس وقت پہلے سات پائیدار ترقی کے اہداف کے لئے جدوجہد کر رہا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم میں مزید سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر مدثر حسین شاہ نے طلبہ اور سپروائزر اسرار احمد کی محنت کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا جدید تحقیق کے فروغ، معیاری تعلیم کی فراہمی اور کمیونٹی سروسز کے ذریعے پائیدار ترقی کے عالمی اہداف کا حصول یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :