شمس العلماء مرزا قلیچ بیگ کی 95ویں برسی منائی گئی

بدھ 3 جولائی 2024 23:11

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2024ء) شمس العلماء مرزا قلیچ بیگ چیئر جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے مرزا قلیچ بیگ کی 95ویں برسی منائی گئی۔ مختلف ادیبوں، دانشوروں و شاعروں نے سید بلند شاہ قبرستان میں مرزا قلیچ بیگ کی مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کے بعد انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر تاج جویو، نصیر مرزا، ڈاکٹر نواب کاکا، فہیم نوناری، حسین بخش سارنگ، مرزا دبیر، حافظ احمد انڈھڑ، مرزا قزلباش، گلشیر کوریجو، مرزا احسن رضا، مرزا فائق، مرزا ماجد علی، علی اصغر سیال، مولا بخش محبتی، سید جاوید شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر مرزا قلیچ بیگ چیئر ڈاکٹر نواب کاکا نے مہمانوں ،علماء و ادیبوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شمس العلماء مرزا قلیچ بیگ نے سندھی زبان و ادب کے محسن تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سندھ کی علمی بنیادی مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرزا قلیچ بیگ نے تاریخ، لطیفیات، افسانوی ادب، لسانیات و دیگر موضوعات پر اہم و بنیادی کام کیا ہے۔

نامور ادیب تاج جویو نے کہا کہ مرزا قلیچ بیگ سندھ کی بڑی علمی ادبی شخصیت تھے۔ انہوں نے سائیں جی ایم سید کی نہ صرف زمینیں سرکار سے لیکر ان کے سپرد کیں، بلکہ بچپن میں ان کا خصوصی خیال بھی رکھا۔ انہوں نے کہا کہ سائیں جی ایم سید نے مرزا قلیچ بیگ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سن شہر میں باب قلیچ تعمیر کرایا تھا۔ نامور مصنف و براڈکاسٹر نصیر مرزا نے کہا کہ مرزا قلیچ بیگ نے دنیا کے ہر موضوع پر قلم اٹھایا، جس میں زبان، ادب، تاریخ، شاعری و دیگر کئی موضوعات شامل ہیں۔

بعد ازاں شام 5 بجے مرزا قلیچ بیگ چیئر کی جانب سے سندھ یونیورسٹی ٹیچرز کلب میں سندھی ادبی سنگت سندھ یونیورسٹی کالونی برانچ کے ہمراہ مرزا صاحب کے فن و شخصیت پر تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں سندھ کے نامور علماء و ادیبوں نے شرکت کرکے مرزا قلیچ بیگ کی علمی ادبی خدمات پر اظہار خیال کیا۔