تمباکو نوشی ترک کرنے میں مددگار نئی ہدایات کا اجراء

یو این بدھ 3 جولائی 2024 23:00

تمباکو نوشی ترک کرنے میں مددگار نئی ہدایات کا اجراء

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 03 جولائی 2024ء) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے تمباکونوشی ترک کرنے کے خواہش مند لوگوں کو مدد دینے کے لیے پہلی مرتبہ رہنما ہدایات جاری کی ہیں جن میں کئی طرح کے اقدامات، علاج معالجے اور ڈیجیٹل طریقوں سے کام لینے کو کہا گیا ہے۔

متوقع طور پر ان سفارشات کی بدولت دنیا بھر میں 75 کروڑ سے زیادہ ایسے بالغ افراد کو فائدہ ہو گا جو سگریٹ، واٹر پائپ، بے دھواں تمباکو، سگار، خود ساختہ سگریٹ اور گرم تمباکو سمیت ایسی تمام اشیا کے استعمال سے چھٹکارا پانا چاہتے ہیں۔

Tweet URL

'ڈبلیو ایچ او' کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروز ایڈہانوم گیبریاسس نے کہا ہے کہ رہنما ہدایات کا اجرا تمباکو مصنوعات کے خلاف عالمی جنگ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

(جاری ہے)

اس سے ممالک کو تمباکو نوشی ترک کرنے والوں کی موثر مدد کے لیے درکار ذرائع میسر آئیں گے اور دنیا بھر میں تمباکو سے متعلق بیماریوں کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

ادویات، مشاورت اور ڈیجیٹل مدد

'ڈبلیو ایچ او' نے اپنی رہنما ہدایات میں تمباکو نوشی ترک کرنے کی شرح میں نمایاں اضافے کے لیے کئی طرح کی ادویات، علاج اور طرزعمل میں تبدیلیاں تجویز کی ہیں۔

ان میں خاص طور سے کم اور متوسط درجے کی آمدنی والے ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ یہ علاج معالجہ مفت یا کم قیمت پر مہیا کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس تک رسائی ہو سکے۔ ادارے کی تجویز کردہ ادویات میں ویرینیکلین، نکوٹین ری پلیسمنٹ تھراپی (این آر ٹی)، بیوپروپیان، سائٹو سین اور دیگر شامل ہیں۔

'ڈبلیو ایچ او' نے طرزعمل میں تبدیلی کے لیے مراکز صحت میں طبی کارکنوں کے ساتھ 30 سیکنڈ سے تین منٹ تک کے مختصر کونسلنگ سیشن تجویز کیے ہیں۔

اس کے علاوہ انفرادی و گروہی سطح پر اور فون کے ذریعے کونسلنگ جیسے طریقے بھی ان تجاویز کا حصہ ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی ترک کرنے کے لیے اپنے طرزعمل میں تبدیلی لانے کی غرض سے فون پر تحریری پیغامات، سمارٹ فون کی ایپس اور انٹرنیٹ پروگرامنگ کو بھی کام میں لایا جا سکتا ہے۔

محدو وسائل، طبی مسائل

'ڈبلیو ایچ او' میں شعبہ فروغ صحت کے ڈائریکٹر روڈیگر کریچ کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی ترک کرنے والوں کی جدوجہد کو سراہا جانا چاہیے اور اس عمل میں انہیں اور ان کے عزیزوں کو درپیش مشکلات کا اعتراف ہونا چاہیے۔

ادارے کی یہ سفارشات لوگوں اور حکومتوں کو اس مشکل جدوجہد کا سامنا کرنے والوں کی ہرممکن طور سے بہتر مدد کے لیے ترتیب دی گئی ہیں۔

دنیا میں 1.25 ارب لوگ تمباکو نوشی کرتے ہیں جن میں سے 75 کروڑ لوگ تمباکو نوشی چھوڑنا چاہتے ہیں، تاہم ان کی بڑی اکثریت کو اس مقصد کے لیے مددگار خدمات تک رسائی نہیں ہے۔ محدود وسائل اور نظام صحت سے متعلق دیگر مسائل اس کی بڑی وجہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :