Live Updates

ملک بھر میں طوفانی بارشیں، نشیبی علاقے زیرآب، لاہور میں سیلابی صورتحال

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق 22 زخمی ہوگئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 جولائی 2025 10:58

ملک بھر میں طوفانی بارشیں، نشیبی علاقے زیرآب، لاہور میں سیلابی صورتحال
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی 2025ء ) ملک بھر میں طوفانی بارشیں جاری ہیں اس دوران نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور لاہور میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق 22 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں مون سون سپیل کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران موسلادھار بارشوں کے باعث کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور ندی نالوں میں طغیانی آگئی، لاہور کے علاقوں لکشمی چوک، گڑھی شاہو، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، سمن آباد، ملتان روڈ، اقبال ٹاؤن، جیل روڈ، فیروزپورروڈ، کینال روڈ، اچھرہ، ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، نشتر ٹاؤن، جوہرٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ اور کاہنہ سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ شہر میں ہونے والی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا، لیسکو کے 260 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ معلوم ہوا ہے کہ اسلام آباد/راولپنڈی میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، قصور، پتوکی، گجرات، فیصل آباد، ننکانہ، گوجرہ، سیالکوٹ، ڈسکہ، شکر گڑھ، نارووال، سرگودھا اور حافظ آباد میں بھی شدید بارش ہوئی، جس سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا، پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارش اور آندھی سے 3 افرادجاں بحق اور 22 افراد زخمی ہوگئے، شیخوپورہ، مرزا ورکاں میں چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 2 سالہ ارحم، 5 سالہ حرم شامل ہے، لاہور کے علاقے کشمیری گیٹ میں بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا، حادثات میں شدید زخمی افراد کو فوری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہنے کی پیش گوئی ہے، پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے اور ادارے مشینری سمیت عملے کو تیار رکھیں، نشیبی علاقوں سے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور چوکنگ پوائنٹس پر پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات