غزہ: اسرائیلی بمباری بلاتوقف جاری، طبی عملے سمیت درجنوں ہلاک

یو این جمعرات 10 جولائی 2025 03:00

غزہ: اسرائیلی بمباری بلاتوقف جاری، طبی عملے سمیت درجنوں ہلاک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 10 جولائی 2025ء) امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں پناہ گزینوں کے خیموں اور رہائشی عمارتوں پر اسرائیل کے حملوں میں روزانہ درجنوں افراد ہلاک ہو رہے ہیں جن میں طبی اہلکار اور ان کے اہلخانہ بھی شامل ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں غزہ شہر اور وسطی علاقے دیرالبلح پر حملوں میں شدت آئی ہے۔

محدود وسائل کے باوجود طبی شراکت دار لوگوں کو ضروری مدد پہنچانے کی ہرممن کوشش کر رہے ہیں۔ ادویات اور علاج معالجے کے سامان کی قلت کے باعث ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے جنہیں ایندھن اور خون کی کمی کا سامنا بھی ہے۔

Tweet URL

غزہ کے لوگوں کوخوراک کا سنگین بحران درپیش ہے۔

(جاری ہے)

لوگ روزانہ کھانے کے حصول کی جدوجہد کرتے ہیں اور اسرائیل کے قائم کردہ امدادی مراکز پر فائرنگ کے واقعات میں ان کی بڑی تعداد ہلاک و زخمی ہو رہی ہے۔

طبی سازوسامان کی آمد

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بتایا ہے کہ منگل کو طبی سازوسامان لے کر 11 ٹرک غزہ آئے ہیں۔ یہ سامان غزہ بھر کے طبی مراکز میں تقسیم کیا جائے گا۔

ادارے نے اسے مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ اشیا محدود پیمانے پر ہی ضروریات پوری کریں گی۔

ہر جگہ تمام لوگوں کو متواتر اور بڑے پیمانے پر طبی مدد پہنچانے کے لیے غزہ کے تمام سرحدی راستوں کو کھولنا ضروری ہے۔

ایندھن کی خطرناک قلت

'اوچا' نے کہا ہے کہ ایندھن کی قلت سے ہسپتالوں میں لوگوں کی زندگی کو تحفظ دینے کا کام خطرات سے دوچار ہے۔ غزہ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ خان یونس کے نصر میڈیکل کمپلیکس میں ایندھن کا ذخیرہ ختم ہونے کے باعث جنریٹر بند ہونے کو ہیں۔

ان حالات میں درجنوں مریضوں کی زندگی خطرے میں ہے جبکہ وینٹی لیٹر پر رکھے گئے لوگوں کی جان کو کہیں زیادہ خطرات لاحق ہیں۔

ادارے نے بتایا ہے کہ ایندھن ختم ہو جانے کے باعث شمالی غزہ میں پانی فراہم کرنے کی 10 تنصیبات بند ہو گئی ہیں جبکہ 25 جزوی طور پر ہی فعال ہیں اور کسی بھی وقت کام چھوڑ سکتی ہیں۔ پانی کو صاف کرنے کا دورانیہ کم ہو جانے اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کی سہولت متاثر ہونے کے نتیجے میں بچوں، معمر افراد اور حاملہ خواتین میں بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے۔

بیماریوں کا پھیلاؤ

'اوچا' نے خان یونس اور غزہ شہر میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں میں گردن توڑ بخار پھیلنے کی اطلاعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حد سے زیادہ گنجان پناہ گاہوں میں خونی اسہال اور شدید یرقان پھیلنے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ طبی اور صحت و صفائی کے سامان کی قلت سے لوگوں پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

صورتحال پر قابو پانے کے لیے غزہ میں بڑے پیمانے پر اس سامان کی اشد ضرورت ہے جو مارچ کے بعد علاقے میں نہیں پہنچایا جا سکا۔

'اوچا' نے یہ بھی بتایا ہے کہ غزہ میں امدادی نقل و حرکت انتہائی محدود ہو چکی ہے۔ گزشتہ روز اسرائیلی حکام سے دس جگہوں پر امداد پہنچانے کی درخواستیں کی گئیں جن میں سے تین کو ہی منظوری مل سکی۔ ایسی تین درخواستیں مسترد کر دی گئیں جبکہ دیگر رکاوٹوں کے باعث چار مشن منسوخ کرنا پڑے۔