ڈیرہ اسماعیل خان میں کار اور ٹرک کا خوفناک تصادم، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

کار تیز رفتاری سے آ رہی تھی اور سامنے سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی، ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 جولائی 2025 11:07

ڈیرہ اسماعیل خان میں کار اور ٹرک کا خوفناک تصادم، ایک ہی خاندان کے 5 ..
ڈیرہ اسماعیل خان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی 2025ء ) ڈیرہ اسماعیل خان میں کار اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور کے علاقے کڑی خیسور چشمہ روڈ پر کار اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم میں گاڑی میں سوار ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوئے، کار تیز رفتاری سے آ رہی تھی اور سامنے سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں جن کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے، ٹریفک حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئیں، لاشوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھرمیں 1179ٹریفک حادثات میں 14افراد جاں بحق اور1405زخمی ہوگئے، ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے گذ شتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1179ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 603افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ802معمولی زخمیوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی۔

ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز سے معلوم ہوا ہے کہ ان ٹریفک حادثات میں 769ڈرائیورز،71کم عمرڈرائیورز،507 مسافر اور 143 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے، 229 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں ،جس میں صوبائی دارالحکومت 280 متاثرین کے ساتھ پہلے، ملتان 86 حادثات میں 106 متاثرین کے ساتھ دوسر ے اور فیصل آباد 77 حادثات میں 101 متاثرین کے سا تھ تیسرے نمبر پر رہا۔