ضلعی انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، اربن فلڈنگ سے بچنے کے لیے نالوں کی مکمل صفائی کی جارہی ہے،

محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل ہیں، ڈپٹی کمشنر جہلم

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر پیر 8 جولائی 2024 17:44

ضلعی انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، اربن ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جولائی2024ء) : ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی جہلم کا اجلاس رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، پری فلڈ انتظامات، محرم الحرام کی تیاریوں، پرائس کنٹرول اور سماجی و اقتصادی رجسٹری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں اے ڈی سی آر، تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، سیاسی قیادت سمیت تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹس میں انسپکشن کر رہے ہیں، جہاں زائد قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں، وہاں سخت کارروائی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے سیلاب کے حوالے سے کی گئی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، اربن فلڈنگ سے بچنے کے لیے نالوں کی مکمل صفائی کی جارہی ہے، ڈسپوزل سٹیشنز اور ڈی واٹرنگ سیٹس فعال ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل ہیں، تمام حساس مقامات پر سیکورٹی ہائی الرٹ رہے گی، جلوسوں کے راستوں پر CCTV کیمرے نصب کیے جائیں گے اور مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔

اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے کہا کہ جو سکیمیں منظور ہو چکی ہیں، انہیں بروقت مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ 54 جاری اسکیمیں اور 28 اسکیمیں اس سال کی ہیں اور ان کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ضلع جہلم میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے جہلم سے للہ دو رویہ سڑک منصوبے پر زور دیا اور کہا کہ ذاتی کاوشوں سے سڑک کے 1.5 بلین بحال کروائے ہیں، باقی فنڈز کو بھی جلد بحال کروا کے اسکو فیز وائز مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو آمدورفت میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ جہلم کے سیوریج کے مسئلے کو مستقل حل کرنے کے لیے جلد ہی سیوریج سکیم بھی لائی جائے گی۔