عمان میں فائرنگ کا واقعہ، پاکستانیوں کیلئے سکیورٹی الرٹ جاری

وادی الکبیر کا سفر کرنے سے گریز کریں‘ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے، پاکستانی شہریوں پر زور دیا جاتا ہے کہ مقامی حکام کے ساتھ تعاون کریں۔ پاکستانی سفیر کا پیغام

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 جولائی 2024 15:25

عمان میں فائرنگ کا واقعہ، پاکستانیوں کیلئے سکیورٹی الرٹ جاری
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی 2024ء ) خلیجی سلطنت عمان کی مسجد میں فائرنگ کے واقعے کے بعد پاکستانیوں کیلئے سکیورٹی الرٹ جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں پاکستان فارن آفس حکام نے کہا کہ عمان میں ہمارا سفارت خانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے دو پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت اور وطن واپسی کے لیے عمانی حکام سے رابطے میں ہے، کمیونٹی اور عمان میں ان کی سہولت کے لیے پاکستان نے عمانی حکام کو تحقیقات اور اس گھناؤنے حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ہے۔

علاوہ ازیں عمان میں پاکستانی سفارت خانے نے منگل کے روز وادی الکبیر میں ایک مسجد میں فائرنگ کے واقعے کے بعد سکیورٹی الرٹ جاری کردیا، اس حوالے سے عمان میں پاکستانی سفیر علی عمران چوہدری نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ وادی الکبیر کا سفر کرنے سے گریز کریں کیوں کہ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے، عمان میں مقیم تمام پاکستانیوں میں سے کوئی بھی شہری جس کا کوئی زخمی رشتہ دار ہو وہ سفارتخانے سے رابطہ کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کے لیے میں نے خود تین چار ہسپتالوں کا دورہ کیا ہے، تمام زخمی نسبتاً محفوظ ہیں، زخمی پاکستانی شہریوں کو خون کا عطیہ دینے کا بھی انتظام کیا گیا ہے، سفارت خانہ ہسپتالوں اور حکام سے بھی رابطے میں ہے، پاکستانی شہریوں پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ مقامی حکام کے ساتھ تعاون کریں۔ اسی طرح مسقط میں قائم امریکی سفارت خانے نے خلیجی ملک میں اپنے شہریوں کو سکیورٹی الرٹ جاری کیا اور ایک بیان میں کہا کہ امریکی سفارت خانہ وادی کبیر میں فائرنگ کے واقعے کی رپورٹس پر عمل کر رہا ہے، امریکی شہریوں کو چوکنا رہنا چاہیے، خبروں پر نظر رکھیں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔

صورتحال سے تیزی سے نمٹنے کے بعد عمان پولیس نے بتایا کہ حملے کے بعد صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات اور طریقہ کار اختیار کیے گئے ہیں، حکام شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے کے اردگرد تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ خلیجی سلطنت عمان میں مجلس کے دوران دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، دہشت گردی کا یہ واقعہ عمان کے دارالحکومت مسقط کے علاقہ وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی جانب سے اس وقت فائرنگ کی گئی، جب مسجد میں مجلس عزا جاری تھی، جس میں 700 سے زائد افراد شریک تھے، دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر پاکستانی بتائے گئے ہیں۔