Live Updates

وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارت کے عوام سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں

یہ المناک سانحہ سرحدوں سے بالاتر ہے اور ہمیں ہماری مشترکہ انسانیت کی یاد دلاتا ہے، طیارہ حادثے پر نواز شریف کا بھارت کیلئے پیغام

muhammad ali محمد علی جمعرات 12 جون 2025 20:32

وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارت کے عوام سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون2025ء) طیارہ حادثے پر نواز شریف کا بھارت کیلئے پیغام، دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے ایئر انڈیا کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ المناک سانحہ سرحدوں سے بالاتر ہے اور ہمیں ہماری مشترکہ انسانیت کی یاد دلاتا ہے۔

ایکس پر جاری اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ طیارے کے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارت کے عوام سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ دوسری جانب ایئر انڈیا کے تباہ ہونیوالے مسافر طیارے کا ایک مسافر زندہ بچ گیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا کی پرواز میں سوار افراد کے رشتہ دار احمد آباد کے سول ہسپتال اسروا میں اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے تھے، جہاں جنرل وارڈ میں ایک بستر پر 40 سالہ وشواش کمار رمیش بھی موجود تھا جس نے کہا کہ وہ اس مہلک حادثے سے بچ گئے۔

(جاری ہے)

زندہ بچ جانے والا مسافر سیت نمبر 11 اے پر بیٹھا تھا، مسافر کے سینے، آنکھوں اور پیروں پر بیشتر زخم آئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق وشواش کمار رمیش جو کہ ایک برطانوی شہری ہے، اپنے خاندان سے ملنے کے لیے کچھ دنوں کے لیے ہندوستان میں تھا اور اپنے بھائی اجے کمار رمیش کے ساتھ واپس یو کے جا رہا تھا۔زندہ بچ جانے والے مسافر نے کہا کہ ٹیک آف کے تیس سیکنڈ بعد، ایک زوردار آواز آئی اور پھر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، یہ سب بہت جلدی ہوا۔

وشواش کمار رمیش نے بتایا کہ وہ اور اس کا بھائی اجے ہوائی جہاز میں مختلف قطاروں میں بیٹھے تھے۔واضح رہے کہ گیٹوک جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز جس میں عملے کے ارکان سمیت 242 افراد شامل تھے نے جمعرات کو دوپہر ایک بجکر39منٹ اڑان بھری اور ٹیک آف کرتے ہی گر کر تباہ ہو گئی، اور اس میں آگ میں بھڑک اٹھی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات