صوبائی وزیر تعلیم خیبرپختونخواکی میر علی شمالی وزیرستان کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کے واقعہ کی مذمت

پیر 22 جولائی 2024 21:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2024ء) صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے گورنمنٹ گرلز مڈل سکول فضل الٰہی زیرکی میر علی شمالی وزیرستان کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کے واقعہ کی مذمت کی ہے ، جسے گزشتہ شب نامعلوم افراد نے اڑا دیا ،دھماکہ خیز مواد سے سکول کے سات کمرے مکمل طور پر منہدم ہوگئے اس سکول میں 255 طالبات زیر تعلیم تھی۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے کہا کہ ڈائریکٹریس ایجوکیشن اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکول کو دوبارہ بہت جلد بحال کیا جائے گا اور ہنگامی بنیادوں پر سکول کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں تعلیمی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اس قسم کے واقعات سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوتے۔ تعلیمی اصلاحات کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔ وزیر تعلیم نے کہاکہ خواتین کی تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔