الیکشن کمیشن نے عمر ایوب کے خلاف مبینہ دھاندلی سے کامیابی کے الزام پر ڈی آر او سے رپورٹ طلب کر لی

بدھ 24 جولائی 2024 14:18

الیکشن کمیشن نے   عمر ایوب کے خلاف مبینہ دھاندلی سے کامیابی کے الزام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2024ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کے خلاف مبینہ دھاندلی سے کامیابی کے الزام پر ڈی آر او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کردی۔منگل کو الیکشن کمیشن میں این اے 19 ہری پور سے کامیاب رکن اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کے خلاف مخالف امیدوار بابر نواز کی درخواست پر الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

بابر نواز کے وکیل ضیا الرحمان کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور استدعا کی الیکشن میں دھاندلی ہوئی لہذا الیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ انتخابات سے قبل عمر ایوب نے 7 فروری کو ڈی آر او کو درخواست دی تھی کہ الیکشن میں بوگس ووٹ ڈالے جائیں گے جو تیار کر لئے گئے ہیں،اس درخواست پر ڈی آر او نے کیا انکوائری کی؟الیکشن کمیشن نے ڈی آر او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔