میزبان سری لنکن ٹیم کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے، ہاردک پانڈیا

جمعرات 25 جولائی 2024 10:50

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2024ء) بھارت کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر ہاردک پانڈیا نے کہا ہے کہ میزبان آئی لینڈرز ٹیم کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم نے آئی لینڈرز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے بھرپور تیاری کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کو اس کی سرزمین پر شکست دینا آسان نہیں ہے تاہم ان کی ٹیم سیریز کے ابتدائی میچ سے قبل بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ آئی لینڈرز کے خلاف ابتدائی ٹی ٹونٹی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

ہاردک پانڈیا نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور میزبان ٹیم کے خلاف 3ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کو ابتدائی میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے ۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آئی لینڈرز کے خلاف سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ سری لنکا اور بھارت کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 27 جولائی کو پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم پالے کیلی میں کھیلا جائے گا۔