ویرات کوہلی کا ون ڈے سے بھی ریٹائرمنٹ کا امکان، ایک تصویر نے پنڈورا باکس کھول دیا

کوہلی کی جو چیز سب کی توجہ اپنی طرف کھینچ رہی ہے وہ ہے ان کی سفید داڑھی‘ان کا نیا روپ شائقین کے لیے حیران کن تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 9 اگست 2025 12:05

ویرات کوہلی کا ون ڈے سے بھی ریٹائرمنٹ کا امکان، ایک تصویر نے پنڈورا ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 اگست 2025ء ) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ویرات کوہلی کا جلد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق کپتان ویرات کوہلی نے 2024ء میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اس فارمیٹ کو الوداع کہا اور پھر رواں سال دورہ انگلینڈ سے قبل ٹیسٹ کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا۔

اب خبر یہ ہے کہ وہ جلد ہی ون ڈے کرکٹ بھی چھوڑ سکتے ہیں۔ 
سوشل میڈیا پر ان کی ایک تصویر سامنے آنے کے بعد قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
ویرات کوہلی نے 29 جون 2024ء کو ٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست دے کر ٹرافی جیتی۔
انہوں نے پھر 12 مئی 2025ء کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔

(جاری ہے)

 
ٹیسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائر ہونے کے بعد، کوہلی نے تصدیق کی کہ وہ بھارت کے لیے ون ڈے کھیلنا جاری رکھیں گے۔
انگلینڈ سے ان کی تازہ تصویر نے مداحوں کو پریشانی میں ڈال دیا ہے۔
ویرات کوہلی اپنی اہلیہ انوشکا شرما اور دو بچوں وامیکا اور آکے کے ساتھ لندن میں مقیم ہیں۔
انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ایک تصویر میں کوہلی کو تصویر کے لیے پوز دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے لیکن جو چیز سب کی توجہ اپنی طرف کھینچ رہی ہے وہ ہے ان کی سفید داڑھی۔

 
سابق بھارتی کپتان بہت مختلف نظر آرہے تھے اور ان کا نیا روپ شائقین کے لیے حیران کن تھا۔
گزشتہ ماہ انگلینڈ میں ایک تقریب کے دوران کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے دو دن پہلے اپنی داڑھی کو رنگا تھا، جب آپ ہر چار دن بعد داڑھی کو رنگ رہے ہوتے ہیں تو آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ اب وقت آگیا ہے۔
سفید داڑھی کے ساتھ ان کی تازہ ترین تصویر نے مداحوں کو پریشان کر دیا ہے۔ شائقین کو ڈر ہے کہ کوہلی ون ڈے سے بھی ریٹائر ہو سکتے ہیں۔