سعودی ولی عہد کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کی بولی مکمل ہونے پر مبارکباد

منگل 30 جولائی 2024 08:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2024ء) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فٹبال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے نامزدگی کی فائل مکمل کرنے پر سعودی وزارت کھیل کو مبارکباد دی ہے۔واس کے مطابق ورلڈ کپ کی میزبانی کی فائل فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فیفا حکام کو پیش کی جائے گی۔سعودی وزیر کھیل عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل اور سعودی فٹ بال فیڈریشن کے صدر یاسر المسحل کی سربراہی میں ایک وفد یہ فائل جمع کرائے گا۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کی حمایت اور دلچسپی لینے پر سعودی وزیر کھیل نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔سعودی وزیر کھیل نے کہا ہے کہ اس نامزدگی کی تکمیل کے ساتھ ہم فٹبال کی دنیا کے ایک غیر معمولی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔فیفا کی تاریخ میں پہلی بار ایک ہی ملک میں 48 ٹیمیں ورلڈ کپ 2034 میں حصہ لیں گی۔سعودی عرب کی طرف سے ورلڈ کپ کی میزبانی کی خواہش کے اظہار کے بعد دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی 70 سے زیادہ فٹبال فیڈریشن نے اس خواہش کی بھرپور تائید کی ہے۔فیفا دسمبر2024 میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والے ملک کا باضابطہ اعلان کرے گا۔