کراچی ائیرپورٹ پر طیاروں کی پھسلن کا خدشہ،نوٹم جاری

مون سون بارشوں کے باعث کراچی ائیرپورٹ سے متعلق طیاروں کے کپتانوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کردی،تمام پائلٹس لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران انتہائی احتیاط سے کام لیں،سول ایوی ایشن کی ہدایات

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 3 اگست 2024 16:15

کراچی ائیرپورٹ پر طیاروں کی پھسلن کا خدشہ،نوٹم جاری
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03اگست 2024 ) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ائیرپورٹ پر طیاروں کی پھسلن کے خدشے کے پیش نظر نوٹم جاری کر دیا، مون سون بارشوں کے باعث کراچی ائیرپورٹ سے متعلق طیاروں کے کپتانوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کردی،۔ تمام پائلٹس لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران انتہائی احتیاط سے کام لیں۔تمام ائیر لائنز اور ایوی ایشن کمپنیز کے پائلٹس کوان ہدایات سے آگاہ کردیا ہے۔

سی اے اے کے مطابق کراچی ائیرپورٹ کے رن وے نمبر 25 ایل پر پانی کے کے باعث پھسلن ہو سکتی ہے۔ بارش کے سبب رن وے گیلا ہونے کی وجہ سے کسی حادثے بچنے کیلئے احتیاط کی جائے۔واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی میں جاری طوفانی بارشوں کے باعث ایئرپورٹ اور اطراف میں چھوٹے طیاروں کو اڑان بھرنے سے روک دیا تھا۔

(جاری ہے)

سی اے اے کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ کیلئے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیاتھا کہ فلائٹ سیفٹی کے پیش نظر سیسنا اور دیگر لائٹ ویٹ طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا گیا تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ چھوٹے طیاروں کو محفوظ مقام پر ونگز کے ساتھ وزن لگا کر باندھنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔ اسی طرح چھوٹے طیاروں کو محفوظ مقامات پر ونگز کے ساتھ وزن باندھ کر پارک کرنے کا کہا گیا تھا۔سول ایوی ایشن کے مطابق بارش کے باعث کیڑے مکوڑے ہونے سے پرندے رن وے کے اطراف آ سکتے ہیں۔ اس لئے محفوظ فلائٹ آپریشن کیلئے اضافی برڈ شوٹر بھی تعینات کئے جائیں گے۔

سی اے اے نے یہ ہدایت بھی کی تھی کہ ٹارمک ایریا کے بجلی کی تاروں کے جوائنٹس کو مکمل طور محفوظ بنایا جائے۔ بارش کے دوران طیاروں کے پھسلنے کے پیش نظر محفوظ فلائٹ آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔کراچی ایئرپورٹ کیلئے یہ بھی ہدایت کی گئی تھی کہ بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے ایئرپورٹ رن وے سے منسلک نالوں کی صفائی کے انتظامات کئے جائیں اور رن وے اور متصل ایریاز میں فالومی وین کے گشت کو 24 گھنٹے یقینی بنایا جائے۔