خیبرپختونخوا حکومت کا5 اگست کو تمام کالجز کھولنے کا اعلان

ہفتہ 3 اگست 2024 20:00

خیبرپختونخوا حکومت کا5 اگست کو تمام کالجز کھولنے کا اعلان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2024ء) صوبائی وزیر میناخان آفریدی کی خصوصی ہدایت کی روشنی میںمحکمہ اعلیٰ تعلیم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے کشمیری مسلمانوں کو 5 سال سے بیگناہ یرغمال بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 5 اگست کو تمام کالجز کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ صوبہ بھر کے کالجز میں موسم گرما کی تعطیلات کے باعث طلبہ کی چھٹیاں ہیں تاہم محکمہ اعلیٰ تعلیم کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری اعلیٰ تعلیم نے 5اگست بروز پیر صوبے کے تمام کالجز کو کھلا رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم کے جاری کردہ اعلامیے میں کالجز انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس دن کی مناسبت سے کالجز میں مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جائے جس میں عملہ اور طلبہ بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ کشمیریوں کو یرغمال بنانے کی مذمت کرینگے۔اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں کالجز میں ہونے والی سرگرمیوں میں سٹاف اور طلبہ کو فیسیلیٹیٹ بھی کیا جائیگاتاکہ وہ مکمل خود اعتمادی اور آزادی کے ساتھ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کو اجاگر کر سکیں۔