بنگلادیش میں سول نافرمانی تحریک‘ پرتشدد احتجاج میں ہلاکتوں کی تعداد 300 تک جا پہنچی

پیر 5 اگست 2024 13:55

بنگلادیش میں سول نافرمانی تحریک‘ پرتشدد احتجاج میں ہلاکتوں کی تعداد ..
ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2024ء) بنگلادیش میں کوٹہ سسٹم مخالف طلبہ کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک کے اعلان کے بعد پرتشدد احتجاج میں ہلاکتوں کی تعداد 300 تک جا پہنچی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سول نافرمانی کی تحریک چلانے والے طلبہ نے وزیراعظم حسینہ واجد سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے اور کرفیو کے باوجود ڈھاکا کی جانب مارچ کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہے کہ طلبہ کے احتجاج کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں ڈاکٹرز اور پولیس نے اب تک 300 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔پولیس اور مظاہرین کے درمیان تازہ جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں پولیس نے آنسو گیس اور دیگر ہلکے ہتھیاروں کا استعمال کیا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز دارالحکومت ڈھاکا اور شمالی اضلاع میں ہلاکتیں ہوئیں جب کہ پولیس حکام کا بتانا ہیکہ مظاہرین نے سراج گنج کے علاقے میں پولیس پر بھی حملہ کیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوٹہ سسٹم کے خلاف جولائی سے شروع ہونے والے احتجاج میں پرتشدد واقعات کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ طلبہ نے سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے اور مظاہرین شیخ حسینہ واجد کے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ملکی صورتحال پر بنگلادیشی وزیراعظم نے کہا ہے کہ جو لوگ احتجاج کے نام پر یہ سب تباہی کررہے ہیں وہ طالب علم نہیں جرائم پیشہ افراد ہیں، عوام کو ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا چاہیے۔رپورٹس کے مطابق حکام نے کرفیو والے علاقوں میں انٹرنیٹ بھی بند کردیا ہے اور ایک ہفتے میں کم ازکم 11 ہزار افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔