علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اعلی تعلیم کے فروغ میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں حیثیت کی حامل ہے، ریجنل ڈائریکٹر نسرین اخترمرزا

پیر 5 اگست 2024 19:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2024ء) ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی راولپنڈی ریجن نسرین اختر مرزا نے کہا کہ یونیورسٹی اعلی تعلیم کے فروغ میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں حیثیت کی حامل ہے،نوجوان طبقہ کو اعلی تعلیم کے حصول کے لیے یونیورسٹی کی سہولیات سے مستفید ہونا چاہیے تاکہ معاشرے کا فعال شہری بن سکیں،میٹرک اور انٹرمیڈیٹ میں داخلہ جمع کروانے کی آخری تاریخ 5 ستمبر ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معاشی تنگدستی کی وجہ سے اپنی تعلیم کو ہرگز ادھورا نہ چھوڑیں،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ہمیشہ کی طرح تعلیم کے حصول میں معاونت دینے کیلئے موجود ہے،میٹرک،ایف اے سمیت اہم پروگرامز میں داخلے جاری ہیں،جن سے طلبا مستفید ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اپنے سلوگن " تعلیم سب کے لئے" پر عمل پیرا ہے،یہی وجہ ہے کہ اعلی و معیاری تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹی مختلف ادوار میں بہترین رینکنگ کا اعزاز بھی حاصل کرتی آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایجوکیشن مہم راولپنڈی ریجن میں بھرپور انداز میں جاری ہے،دیہی علاقوں میں اس مہم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،طلبا کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ میٹرک اور ایف اے پروگرام کے ساتھ ایم فل،پی ایچ ڈی اور فیس ٹو فیس سمیت مختلف پروگرامز میں ایڈمشن جاری ہیں جن کی تفصیلات آن لائن بھی میسر ہیں۔یونیورسٹی کی فیس نہایت مناسب ہے،تیرہ سال کا طالب علم میٹرک میں داخلہ لینے کا اہل ہوتا ہے۔

جو سفید پوش طلباء فیس دینے سے قاصر ہیں ان کے لئے فیس معافی کی سہولت میسر ہے۔فقط پہلے سمسٹر میں فیس ادا کرنا ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نابینا،قیدی ،ٹرانسجینڈر،یتیم، بیوہ اور معذور افراد کے لیے بھی فیس میں رعایت موجود ہےلہذا طلبا سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنا قیمتی وقت ضائع کئے بنا یونیورسٹی سے رابطہ کریں تاکہ اعلی تعلیم حاصل کرکے معاشرے کا فعال شہری بن سکیں۔