ہنر مند افرادی قوت کو بیرون ملک بھیجنے کے لئے وزیراعظم نے ٹاسک فورس قائم کی ہے، یہ قوت بیرون ملک سے ترسیلات زر بھیجنے کا بڑا ذریعہ ہے، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

منگل 6 اگست 2024 22:46

ہنر مند افرادی قوت کو بیرون ملک بھیجنے کے لئے وزیراعظم نے ٹاسک فورس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2024ء) وفاقی وزیر قانون، انصاف و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ہنر مند افرادی قوت کو بیرون ملک بھیجنے کے لئے وزیراعظم نے ٹاسک فورس قائم کی ہے، ہنر مند افرادی قوت بیرون ملک سے ترسیلات زر بھیجنے کا بڑا ذریعہ ہیں۔ منگل کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر محسن عزیز کے سوال کے جواب میں وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت کو بیرون ملک بھیجنے کے لئے وزیراعظم نے ٹاسک فورس قائم کی ہے، ہنر مند افرادی قوت بیرون ملک سے ترسیلات زر بھیجنے کا بڑا ذریعہ ہیں، ترسیلات 33 ارب سے زیادہ ہو گئی تھیں، اس حوالہ سے فلپائنی ماڈل پر کام کر رہے ہیں، نرسنگ عملہ کی بیرون ملک زیادہ مانگ ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر کامران مرتضیٰ، سینیٹر زرقا تیمور سہروردی کے سوالات کے جواب میں وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پمز میں میڈیکل بلوں کی ری ایمبرسمنٹ کا کوئی کیس زیر التواء نہیں، مکمل دستاویزات کے ساتھ بلوں کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جاتی ہے، سینیٹ اراکین اور ملازمین کی انشورنس کے لئے ایوان کی کمیٹی قائم کی گئی تھی، اس حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ، سینیٹر ہمایوں مہمند کے سوالات کے جواب میں وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان نرسنگ کونسل میں ایک افسر ڈیپوٹیشن پر کام کر رہی ہیں، قانون کے مطابق ڈیپوٹیشن کی جاتی ہے اور ادارے کی ضرورت کے مطابق ادارے میں ضم بھی کیا جا سکتا ہے، اس کے لئے اشتہار کی ضرورت نہیں ہوتی، مذکورہ افسر کا نرسنگ کیڈر سے تعلق ہے اور قانون کے مطابق ان کی تعیناتی کی گئی ہے۔

سینیٹر محسن عزیز کے سوال کے جواب میں وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ املاک کا تحفظ اور چوکس رہنا حکومتی اداروں کا فرض ہے لیکن سینکڑوں کلومیٹر طویل موٹروے کے ہر کلومیٹر پر حفاظت کے لئے کسی کو تعینات نہیں کیا جا سکتا، ملتان سکھر موٹرویز پر پانی کے بہائو کے لئے عالمی معیار کا ڈرینج سسٹم لگایا گیا ہے، یہاں سے سلیبز چوری کی گئیں جس کے بعد سلیبز کا سائز تبدیل کیا گیا، یہ پانی کے لئے مناسب سلیبز ہیں۔