انتخابات ایکٹ 2017 میں ترمیم کے تحت آزاد امیدوار تین دن میں کسی بھی جماعت میں شامل ہو سکیں گے، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

منگل 6 اگست 2024 22:58

انتخابات ایکٹ 2017 میں ترمیم کے تحت آزاد امیدوار تین دن میں کسی بھی جماعت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2024ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور و قانون، انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ انتخابات ایکٹ 2017 میں ترمیم کے تحت آزاد امیدوار تین دن میں کسی بھی جماعت میں شامل ہو سکیں گے، قانون سازی منتخب ایوانوں کا اختیار ہے، غیر منتخب نمائندے قانون سازی نہیں کر سکتے، عدلیہ صرف قانون کی تشریح کر سکتی ہے۔

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آزاد امیدواروں نے آزادانہ طور پر سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی، پی ٹی آئی کا دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ درست نہیں، ڈسکہ کے انتخابات میں دھند ان کے دور میں آئی، 2018 میں خواجہ سعد رفیق کا حلقہ کھلوانے عدالت میں گئے، انہوں نے وہاں سے استعفیٰ دیا، انہوں نے عدالت میں حلقہ کھولنے سے انکار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پھر سپریم کورٹ سے حکم امتناعی لے لیا، یہ مقدمہ قومی اسمبلی ختم ہونے تک دوبارہ نہیں لگا، ان کے دور میں ضمنی بل لائے گئے اور منظور کرائے گئے، 2013 میں ریٹائرڈ ججز کے ٹربیونل تھے، انہوں نے 80 فیصد پٹیشنز نمٹائیں، اس ترمیم کے تحت آزاد امیدوار تین دن میں کسی بھی جماعت میں شامل ہوں گے، قانون سازی منتخب ایوانوں کا اختیار ہے۔ غیر منتخب نمائندے قانون سازی نہیں کر سکتے، عدلیہ صرف قانون کی تشریح کر سکتی ہے۔ ایوان کو قانون سازی کا اختیار آزادی اور خود مختاری کے ساتھ استعمال کرنا چاہیے۔