غزہ: الجزیرہ کے صحافیوں کو دانستہ نشانہ بنایا گیا، انسانی حقوق ماہر

یو این منگل 6 اگست 2024 22:31

غزہ: الجزیرہ کے صحافیوں کو دانستہ نشانہ بنایا گیا، انسانی حقوق ماہر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 06 اگست 2024ء) رائے اور اظہار کی آزادی پر اقوام متحدہ کی خصوصی اطلاع کار آئرین خان نے غزہ میں الجزیرہ ٹیلی ویژن کے صحافی اسماعیل الغول اور کیمرا مین رامی الریفی کی ہلاکت کو اسرائیل کا دانستہ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ غزہ میں ہلاک ہونے والے بہت سے صحافیوں کی طرح الغول نے بھی ایسی جیکٹ پہن رکھی تھی جس سے بحیثیت صحافی ان کی شناخت واضح دکھائی دیتی تھی۔

اسرائیل کی جانب سے کسی ٹھوس ثبوت کے بغیر انہیں حماس کا آلہ قرار دینا قابل مذمت ہے۔ اس طرح اسرائیلی فوج نے گویا لوگوں کو ہلاک کرنے کا جواز گھڑ لیا ہے جو کہ بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل خلاف ورزی ہے۔

Tweet URL

آئرین خان نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں کسی بھی صحافی کی ہلاکت کے واقعے کی شفاف تحقیقات نہیں ہوئیں اور اسرائیل کے حکام ایسے واقعات کا ارتکاب کرنے والوں کو کبھی انصاف کے کٹہرے میں نہیں لائے۔

(جاری ہے)

آزادی صحافت پر حملہ

خصوصی اطلاع کار کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی قانون کے تحت صحافیوں کی حیثیت شہریوں کی سی ہوتی ہے۔ انہیں ہر طرح کے حملوں سے تحفظ ملنا چاہیے اور انہیں جان بوجھ کر ہلاک کرنا جنگی جرم ہے۔ کسی صحافی سے شہری کا درجہ اسی صورت واپس لیا جا سکتا ہے جب وہ جنگ میں کوئی فعال کردار ادا کر رہا ہو۔ اسرائیل نے صحافیوں کو ہلاک کرنے کے حالیہ اور سابقہ واقعات کے بعد ایسا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔

خصوصی اطلاع کار نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے الجزیرہ ٹیلی ویژن پر پابندی اور اسے بدنام کرنے کی مہم صحافتی آزادی پر حملہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قانون کی کھلی توہین ہے۔

عالمی فوجداری عدالت سے درخواست

خصوصی اطلاع کار نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ صحافیوں کی ہلاکت کے موجودہ اور سابقہ واقعات کی فوری، مفصل، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انہیں تحفظ دینے کے لیے بین الاقوامی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کی مطابقت سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل سے پہلے بھی ایسے ہی مطالبات کیے جاتے رہے ہیں لیکن وہ احتساب میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے عالمی فوجداری عدالت سے درخواست کی ہے کہ وہ غزہ میں صحافیوں کی ہلاکتوں کے جنگی جرم پر قانونی کارروائی کے لیے فوری اقدامات کرے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ غزہ میں صحافیوں کے خلاف جرائم کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر بین الاقوامی طریقہ کار کو کام میں لائے۔

خصوصی اطلاع کار اس معاملے پر اسرائیل کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ماہرین و خصوصی اطلاع کار

غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔