زاہد الیون نے انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا

فائنل کے موقع پر اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوںکو بھی اعزاز سے نوازا

جمعہ 9 اگست 2024 23:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2024ء) زاہد الیون فٹبال کلب نے نگار فٹبال کلب کو پنالٹی شوٹس سے شکست دے کر انٹرا ڈسٹرکٹ فٹبال ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس ٹانک کے زیراہتمام ٹورنامنٹ کا انعقاد تحصیل ہیڈ کوارٹر جنڈولہ، ٹانک میں کیا گیا، ٹورنامنٹ میں 18 ٹیموں نے حصہ لیا۔ لیفٹیننٹ کرنل حیدر علی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور کھلاڑیوں کے شاندار کھیل پر تالیاں بجا کر داد دی۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی نے ونر اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔فائنل کے موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ٹانک عرفان اللہ بیٹنی نے ناروے میں اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے فٹ بال کھلاڑیوں عدیل، اسامہ اور آرین کے اعزاز میں استقبالیہ پارٹی کا اہتمام کیا۔ ڈی ایس او نے کھلاڑیوں میں تحائف تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کے کھلاڑی ملک اور ضلع ٹانک کا فخر ہیں۔ ڈی ایس او ٹانک نے انہیں دیگر نوجوانوں کے لیے رول ماڈل قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ضلع میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہے گا۔