بھارتی سکھوں کا اندر ا گاندھی کی زندگی پر بنائی گئی کنگنا رنائوت کی فلم ’’ایمرجنسی ‘‘پر پابندی لگانے کا مطالبہ

بدھ 28 اگست 2024 17:38

بھارتی سکھوں کا   اندر ا گاندھی کی زندگی پر بنائی گئی کنگنا رنائوت کی ..
حیدر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2024ء) سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی زندگی پر بنائی گئی کنگنا رناوت کی فلم’’ ایمرجنسی ‘‘ کی ریلیز رکوانے کے لئے سکھوں نے عدالت سے رجوع کر لیا۔ اس فلم کا ٹریلر 14 اگست کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کیا گیا تھا اور 6 ستمبر کوہونا تھی۔ بھارتی سکھوں کی تنظیم شرومنی گرودوارہ پربندھک کمیٹی نے فلم میں سکھ برادری کے کردار اور تاریخی اہمیت کو مبینہ طور پر غلط طریقے سے پیش کرنے کے الزام میں فلمساز کو قانونی نوٹس جاری کیا ہے۔

مزید برآں پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹس میں بھی اس حوالہ سے دائر درخواستوں میں فلم کی ریلیز پر پابندی کی استدعا کی گئی ہے۔فلم کی کہانی اداکارہ کنگنا رنائوت نے تحریر کی ہے اور اس کی ہدایت کار بھی وہی ہیں۔

(جاری ہے)

سکھو ں کا موقف ہے کہ فلم میں سکھ برادری کے حوالے سے منفی جذبات کو ہوا دی گئی ہے اور یہ پنجاب کے سماجی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔

پٹیشن میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ فلم کا ٹریلر ایسے مناظر کو ظاہر کرتا ہے جہاں سکھ کمیونٹی کے لوگوں کو ہندوؤں پر اندھا دھند ہتھیاروں سے فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔درخواست گزاروں کا دعویٰ ہے کہ یہ محض سکھ برادری اور اس کے مذہبی اداروں کی ساکھ خراب کرنے کا حربہ ہے۔یہ فلم پورے ملک خاص طور پر بھارتی پنجاب کے سماجی تانے بانے کو تباہ کر سکتی ہے۔

یہ فلم شہریوں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے سنگین خطرہ ہونے کے ساتھ ساتھ ملک میں مختلف مذہبی گروہوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کر سکتی ہے اس لئے مرکزی حکومت اور سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن اس کی عوامی ریلیز کے لئے جاری سرٹیفیکیشن کو منسوخ کریں ۔ اس فلم کے ذریعے سکھوں کو دہشت گرد اور علیحدگی پسند کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو مکمل طور پر ناقابل قبول اور حقیقت سے دور ہے۔سکھوں کی تنظیموں اکال تخت اور شرومنی گرودوارہ پربندھک کمیٹی دونوں نے فلم پر فوری پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔\932