سوشل میڈیا استعمال کرنے کا زیادہ شوق نہیں، اداکارایوب کھوسو

بدھ 6 اگست 2025 12:07

سوشل میڈیا استعمال کرنے کا زیادہ شوق نہیں، اداکارایوب کھوسو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)سینئر اداکار ایوب کھوسو نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی میں وہ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی)سینٹر پر خوبصورت لڑکیاں دیکھنے جاتے تھے، جہاں انہیں اداکاری کی پیش کش کی گئی۔ایوب کھوسو نے حال ہی میں سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نہیں، وہ اپنے ڈراموں کی کلپس سمیت شوٹنگ کے دوران کھچوائی گئیں تصاویر شیئر نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں سوشل میڈیا استعمال کرنے کا زیادہ شوق نہیں، تاہم وہ دیکھتے ہیں کہ باقی لوگوں کی تصاویر کو چند گھنٹوں میں ہزاروں لائیکس مل جاتے ہیں۔اداکار نے کہا کہ خصوصی طور پر سوشل میڈیا پر لڑکیوں کی تصاویر کو جلد اور زیادہ لائیکس اور کمنٹس ملتے ہیں، ہر کوئی ان کی تصاویر پر ماشا اللہ، سبحان اللہ اور خوبصورت جیسے الفاظ لکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ بہت سارے ٹھرکی لوگ لڑکیوں کی تصاویر پر کمنٹس کر رہے ہوتے ہیں، ان ایک دوست بھی ٹھرکی ہیں، جو ہر لڑکی کی تصویر پر جاکر خوبصورت کا کمنٹ کرتے ہیں۔اداکاری کا آغاز کیسے کیا کہ سوال پر اداکار نے بتایا کہ وہ پی ٹی وی سینٹر کوئٹہ میں خوبصورت لڑکیاں دیکھنے جاتے تھے، جہاں انہیں اداکاری کی پیش کش کی گئی۔ایوب کھوسو کے مطابق پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر میں اس وقت کریم بلوچ جنرل مینیجر تھے، جنہوں ںے انہیں کاریڈور میں ٹہلتے دیکھا اور ان سے پوچھا کہ وہ یہاں کیا کر رہے ہیں اداکار نے بتایا کہ انہوں نے کریم بلوچ کو بتایا کہ وہ ٹی وی اسٹیشن گھومنے آئے ہیں، جس پر انہوں نے ان سے پوچھا کہ وہ صرف ٹی وی اسٹیشن دیکھنے آئے ہیں یا اداکاری کا بھی شوق رکھتے ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ کریم بلوچ کے پوچھے جانے پر انہوں نے انہیں بتایا کہ وہ اداکاری کا شوق رکھتے ہیں، جس پر انہوں نے انہیں ایک پروڈیوسر کے پاس بھیجا، جنہوں نے انہیں بلوچی زبان کے ڈراموں میں کام کرنے کی پیش کش کی اور یوں وہ اداکاری میں آگئے۔